جموں سے ڈوڈہ ہیلی کاپٹر سروس… 24اکتوبر سے شروع ہوگی، فی سواری کرایہ25سوروپے مقرر

الطاف حسین جنجوعہ
جموں//حکومت کی طرف سے ریاست کے دور دراز اور پسماندہ علاقہ جات کو فضائی سروس سے جوڑنے کے جاری سلسلہ کے تحت اب ڈوڈہ سے جموں ہیلی کاپٹر سروس بھی شروع کی جاری ہے۔24اکتوبر بروز منگل سے جموں سے ڈوڈہ اور ڈوڈہ سے جموں فضائی سروس شروع ہوگی اس کے بعد ہر ہفتہ منگل وار اور جمعہ کو یہ ہیلی کاپٹر سروس چلے گی۔ حکام کے مطابق خواہشمند افراد فلائٹ سے ایک دن قبل تحصیل دفتر ڈوڈہ سے ٹکٹیں بک کرواسکتے ہیں۔ فی سواری کرایہ 2500روپے مقرر کیاگیاہے۔ جموں سے ڈوڈہ جانے والے افراد ڈپٹی ڈائریکٹر ٹورازام دفتر واقع ریذیڈنسی روڑ جموں سے ٹکٹیں حاصل کرسکتے ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ٹورازم پون ہنس ہیلی کاپٹر سروسز کے نوڈل افسر ہیں۔یاد رہے کہ پون ہنس لمیٹیڈ نئی دہلی نشین ہیلی کاپٹر سروس مہیا کرنے والی کمپنی ہے۔ پون ہنس منی رتنا۔1کٹاگری کی پی ایس یو ہے۔ ماتاویشنو دیوی کٹرہ میں یہی کمپنی ہیلی کاپٹر سروس فراہم کر رہی ہے۔ حالیہ دنوں راجوری پونچھ اور وادی کشمیر کے مژھل سیکٹر میں شروع کی گئی ہیلی کاپٹر سروس میں پون ہنس کے ہیلی کاپٹر استعمال کئے جارہے ہیں۔