وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ کا دورہ رام بن ترقیاتی کاموں کا لیا جائزہ،انتظامیہ سے عوامی مسائل حل کرنے پر دیا زور

ابرار سوھل
رام بن // وزیر مملکت برائے وزیر اعظم دفتر و ممبر پارلیمنٹ ڈوڈہ ادھمپور پارلیمانی حلقہ ڈاکٹر جتندر سنگھ نے اسمبلی حلقہ رام بن کا ایک روزہ دورہ کیا جس دوران انہوں نے پہلے نیرہ میں میہاڑ گنوت رابطہ سڑک پر جاری کام کاج کا جائیزہ لیا اور پھرایک عوامی دربار میں موجود لوگوں کے مسائل و مشکلاتوں سے متعلق جانکاری حاصل کی۔دریں اثناء وزیر موصوف نے کانفرنس ہال میںضلع انتظامیہ کی ایک میٹنگ طلب کرکے ترقیاتی کاموں وفلاحی اسکیموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ممبر اسمبلی رام بن نیلم لنگہے بھی ان کے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران وزیر موصوف نے پی ایم جی ایس وائی کے تحت تعمیر کی جانے والی میہاڑ گنوت رابطہ سڑک پر جاری کام کاج کا جائیزہ لیا ،انہوں نے انتظامیہ کو ہدائت دی کہ وہ ان پروجیکٹوں کو وقت پر مکمل کریں۔عوامی جلسہ سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گذشتہ تین برسوں میں مرکزی حکومت عوامی اعتماد کو بحال کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع رام بن کے موجودہ مالی سال میں 61کروڑ روپے تعمیراتی سڑکوں کے منصوبوں کے لئے منظور ہو چکا ہے ۔سنگھ نے کہا کہ موجودہ حکومت صرف حکومت چلانے میں نہیں بلکہ ملک چلانے کے لئے حکومت کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ وزیر مملکت نے ضلع انتظامیہ کے ساتھ منعقد میٹنگ کے دوران جلد از جلد کیندرا ودیالیہ میں کلاسز شروع کرنے، ضلع میں انڈور سٹیڈیم کے قیام ، جے این یو قائم کرنے کے لئے ضروری لوازمات مکمل کرنے کی آفیسران کو ہدائت دی۔ نیشنل ہائیوے اور دیگر پروجیکٹوں میں مقامی لوگوں کو روزگار فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو اس سے متعلق زمینی حقائق پر مبنی رپورٹ تیار کر کے پیش کرنے کو کہا۔