حکومت کسان طبقے کی سماجی و اقتصادی حالت میں بہتری لانے کیلئے وعدہ بند :ہانجورہ

اڑان نیوز
جموں//زراعت کے وزیر غلام نبی لون ہانجورہ نے کل کہا ہے کہ حکومت کسانوں کے تمام مسائل سے باخبر ہے اور کسانوں کی سماجی و اقتصادی حالت میں بہتر ی لانے کے لئے ہرممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ وزیرنے ان باتوں کا اظہار آج یہاں مختلف وفود بشمول آل جموںوکشمیر کسان یونین کے وفد کے ساتھ ملاقات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ وفود کی طرف سے پیش کی گئی تجاویز کو محکمہ کی سکیموں میں شامل کیا جائے گا۔میٹنگ کے دوران کسانوں نے بیجوں اور کھادوں کی بروقت فراہمی کے ساتھ ساتھ دیگر معاملات بھی اُجاگر کئے ۔علاوہ ازیں انہوں نے کسان کریڈٹ قرضوں کو معاف کرنے اور کراپ انشورنس سکیم کی عمل آوری کا بھی مطالبہ کیا۔ہانجورہ نے وفود کو یقین دلایا کہ ان کی طرف سے اُبھارے گئے معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔وزیرنے کہا کہ حکومت کسانوں کی بہبودی کے لئے سوئیل ہیلتھ کارڈ سکیم ،فصل بیمہ یوجنا اور پردھان کرشی سینچائی یوجنا شروع کی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کی ان کی دہلیز پر کاشتکاری کے جدید طور طریقوںسے روشناس کرانے کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ہانجورہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کسان طبقے کی بہبودی میں ذاتی طور دلچسپی لے رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت بھی زرعی سیکٹر کو بڑھاوا دینے کے لئے فراخدلانہ رقومات فراہم رکر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ محکمہ سال 2022تک کسانوں کی آمدن دوگنا کرنے کے نشانے کو حاصل کرنے کے لئے پرعزم ہے ۔