ڈپٹی اسپیکر کی انجینئررشید کو اجلاس میں شرکت کی اپیل میں ان سے ذاتی طور بات کروں گا:اسپیکر

الطاف حسین جنجوعہ
جموں//اسمبلی اسپیکر کاویندر گپتا نے انجینئر رشید کے ساتھ مارشلوں کے مبینہ مارپیٹ معاملہ پر اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انجینئر رشید سے از خود بات کریں گے اور ان سے کہیں گے کہ اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں۔ صبح اجلاس کی کارروائی شروع ہوتے ہی محمد یوسف تاریگامی اور غلام محمد سروڑی سمیت متعدد ممبران نے انجینئر رشید پر مبینہ مارشلوں کے حملہ کا معاملہ ُاٹھایا۔ ممبران نے اسپیکر سے کہاکہ وہ ایوان کے کسٹوڈین ہونے کے ناطے اس کا سنجیدہ نوٹ لیں، ایک معزز ممبر کے ساتھ اس طرح کا رویہ ہرگز برداشت نہیں،انہوں نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا جس پر اسپیکر نے یقین دلایاکہ کارروائی ہوگی ۔ان کی یقین دہانی پر ممبران خاموش بیٹھ گئے۔ بعد ازاں مطالبات ِ زر پر بحث کے دوران ڈپٹی اسپیکر نذیر گریزی نے انجینئر رشید سے اپیل کی کہ وہ اجلاس میں شرکت کریں۔ انہوں نے کہاکل وہ ایوان کی کارروائی میں خلل ڈال رہے تھے ، جس سے دیگر ممبران مسائل نہیں اٹھاپائے، اس لئے انہیں مارشل آو¿ ٹ کیاگیا، رشید نے اسمبلی بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے، ان سے گذارش ہوگی کہ وہ اجلاس میں شرکت کریں۔یاد رہے کہ گذشتہ روز ڈپٹی اسپیکر نے جب انجینئر رشید کو ایوانِ بدر کرنے کا حکم دیا تو مارشلوں نے مبینہ طور ان کی مارپیٹ کی جس سے وہ معمولی زخمی بھی ہوئے۔ اس پر انجینئر رشید نے اسمبلی کے پورے اجلاس سے بائیکاٹ کا اعلان کیاتھا۔