بجبہاڑہ۔ شوپیاں ۔ زینہ پورہ سڑک کی توسیع کا کام شدو مد سے جاری پروجیکٹ پر 48.93 کروڑ روپے کی لاگت آنے کا تخمینہ : نعیم اختر

ٓاڑان نیوز
جموں //وزیر برائے تعمیراتِ عامہ نعیم اختر نے کل قانون ساز اسمبلی کو مطلع کیا کہ بیج بہاڑہ ۔ شوپیاں سڑک براستہ زینہ پورہ کی کشادگی اور توسیع کا کام شدو مد سے جاری ہے اور اگلے مالی سال میں مکمل ہونے کی توقع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ پر کام سی آر ایف کے تحت 2015-16 میں 48.93 کروڑ روپے کی لاگت سے شروع کیا گیا تھا ۔ پروجیکٹ کے تحت ریلوے جنکشن بیج بہاڑہ سے چتر گام تک 12 کلو میٹر سڑک مسافت کی توسیع و کشادگی کا کام ہاتھ میں لیا گیا تھا ۔ اعجاز احمد میر کی جانب سے اٹھائے گئے سوال کے جواب میں وزیر نے کہا کہ 12 کلو میٹر سڑک مسافت میں سے 3 کلو میٹر سڑک مسافت پر توسیع کا کام مکمل کر کے اسے دو رویہ بنا کر اُس پر میکڈم بھی بچھایا گیا ہے ۔ جبکہ باقی ماندہ مسافت کی کشادگی میں حفاظتی باندھوں کی تعمیر اور نالیوں کی تعمیر کا کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کے اس حصے کی تکمیل 2018-19 تک مکمل ہونے کی توقع ہے ۔ نعیم نے ایوان کو مزید بتایا کہ اگلر۔ شوپیاں سڑک براستہ ترکبان گام ”ٹی02 شوپیاں اگلر “ کے عنوان کے تحت پی ایم جی ایس وائی کے مرحلہ دس کے تحت توسیع کیلئے منظور کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سکیم مارچ 2017 میں شروع کی گئی اور 45 فیصد کام رٹیننگ والز ، نالیوں وغیرہ کی صورت میں مکمل کیا گیا ہے اور تین کلو میٹر پر میکڈم بھی بچھایا گیا ہے انہوں نے مزید کہا کہ سکیم ستمبر 2018 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔