نہرو یوا کیندر کی جانب سے منعقد تین روزہ ورکشاپ اختتام پذیر نوجوانوں کو سرکاری اسکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی

ماجد ملک
بھدرواہ // نہرو یوا کیندر کی جانب سے بھدرواہ کے سونگلی میں منعقد تین روزہ ورکشاپ اختتام پذیر ہوا ۔ ورکشاپ کے دوران نہرو یوا کیندر کی جانب سے مختلف پروگرام منعقد کئے گئے جس میں ضلع ڈوڈہ سے تعلق رکھنے والے پچاس سے زائد نوجوانوں کو مرکزی و ریاستی سرکار کی مختلف اسکیموں سے آگاہ کیا گیا ۔ اس موقع پر اے ایس پی بھدرواہ راجندر سنگھ مہمان خصوصی تھے جبکہ ایس ڈی پی او برجیش شرما کے علاوہ نہرو یوا کیندر کے ضلع آفیسر نثار آزاد بھی موجود رہے۔ ورکشاپ کے آخری دن ضلع آفیسر نثار آزاد نے نہرو یوا کندر کی جانب سے منعقد کی جا رہے مختلف پروگراموں کے بارے میں آگاہ کیا اور بتایا کہ نہرو یوا کیندر کا مقصد نوجوان نسل کے چھپے ہوئے ہنر کو سامنے لانا ہے تاکہ وہ ملک و قوم کی خدمت کر سکیں ۔اے ایس پی بھدرواہ نے نہرویوا کیندر کا بھدرواہ میں تین روزہ ورکشاپ منعقد کرنے پر مبارک باد پیش کیا اور کہا کہ اس طرح کی تقریب نوجوان نسل کو کئی سماج دشمن کاموں سے بچاسکتی ہے ۔پروگرام کے آخر پر نہرو یوا کیندر کی جانب سے پولیس آفسران ، صحافیوں ، سماجی کارکنوں ، نوجوانوں اور نہرو یوا کیندر کے ساتھ منسک نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی گئی۔