کشمیرمیں عسکریت پسندی کی کمر ٹوٹ چکی ہے: راجنا تھ سنگھ

نیوز ڈیسک

نئی دہلی//پاکستان نے بھارت کے خلاف در پردہ جنگ جاری رکھا ہوا ہے اور شدت پسندی کو فروغ دیکر بھارت میں عدم استحکام پیدا کر رہا ہے کی بات کرتے ہوئے وزیر دفاع راجنا تھ سنگھ نے کہا کہ کشمیر میں جلد ہی عسکریت پسندی ختم ہو جائے گی ۔ ایک انگریزی روزنامہ کو دئے گئے خصوصی انٹر ویو میں مرکزی وزیر دفاع راجنا تھ سنگھ نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے اندر عدم استحکام کی فضا پیدا کرنے کی کئی کوششیں کیں لیکن انہیں ہر بار شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔راج ناتھ سنگھ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اوڑی کے بعد سرجیکل اسٹرائیکس ہوں یا پلوامہ حملے کے بعد بالاکوٹ فضائی حملے ، ہندوستانی فوج کی سخت کارروائی کم از کم آزاد ہندوستان کی تاریخ میں نہیں ملتی۔ ہندوستانی فوج کی مثال نہیں ملتی اور آنے والی نسلیں بھی ان بہادر فوجیوں پر فخر کریں گی۔جموں و کشمیر میں عسکریت پسندی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیر دفاع نے زور دیا کہ دفعہ 370 کی منسوخی یونین کے علاقے میں امن اور استحکام کی راہ ہموار کرے گی۔ سنگھ نے کہا’’مجھے یقین ہے کہ کشمیر میں باقی شدت پسندی بھی ختم ہو جائے گی۔ مجھے یہ بھی یقین ہے کیونکہ وہ طاقت جو علیحدگی پسند قوتوں کو آرٹیکل 370 اور 35A کی وجہ سے وہاں انہیں حاصل تھی ، اب ختم ہوچکی ہے،اب عسکریت پسندی کی کمر ٹوٹ چکی ہے‘‘۔سیکورٹی فورسز کی جانب سے جنگجوئوں کے خلاف کی گئی سخت کارروائی کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا ’’ اس سے بہت کچھ بدل گیا ہے اور ان میں یہ اعتماد پیدا ہوا ہے کہ وہ ملک کے دفاع کے فرائض کی انجام دہی میں انہیں کھلی چھوٹ رہے گی ۔