’روایتی جماعتیں جموں کشمیر میں بے گناہوں کا لہو بہانے کی ذمہ دار ہیں‘

اِن جماعتوں نے اپنے سیاسی مفادات کیلئے نوجوانوں کو تباہی و ہلاکتوں کا راستہ دکھایا:بخاری
اُڑان نیوز نیٹ ورک
سرینگر// اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے کہا کہ ’’روایتی سیاسی جماعتیں اور ان کے قائدین جموں کشمیر میں بے گناہوں کا خون بہانے کے ذمہ دار ہیں، کیونکہ ان جماعتوں اور لیڈروں نے اپنے سیاسی مفادات کے لیے نوجوانوں کو پر فریب بیانیہ اور جذباتی نعروں کے ذریعے گمراہ کیا۔‘‘ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اس خطے کے روشن مستقبل اور یہاں کے عوام کی خوشحالی میں اپنا کردار نبھانے کیلئے اپنی پارٹی کے ساتھ جڑ جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کل سرینگر میں پارٹی صدر دفتر میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا اہتمام سرینگر اور پامپور سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد کی جانب سے اپنی پارٹی جوائن کرنے پر اْن کا استقبال کرنے کیلئے کیا گیا تھا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید محمد الطاف بخاری نے روایتی جماعتوں اور ان کے لیڈروں کو جموں و کشمیر میں ہونے والی ہزاروں اموات اور تباہی کا ذمہ دار قرار دیا۔انہوں نے کہا، ’’ان پارٹیوں اور لیڈروں نے ہمارے نوجوانوں کو پْرفریب سیاسی بیانیے اور جذباتی نعروں کے ساتھ ساتھ ناقابل حصول اہداف کی طرف راغب کرکے انہیں گمراہ کیا۔اس طرح سے انہوں نے یہاں تشدد اور خونریزی کی راہ ہموار کی۔ نتیجے کے طور پر، ہم نے گزشتہ سالوں اور دہائیوں میں اپنے ہزاروں نوجوانوں کو کھو دیا ہے۔ المیہ یہ ہے کہ ان متاثرین کے اہل خانہ مسلسل اذیت کا شکار ہیں۔ آج بھی نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد جیلوں میں ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ ’’جن سیاستدانوں نے نوجوانوں کو اپنے سیاسی عزائم کے لیے استعمال کیا، انہوں نے اس عرصے میں خود اپنے اور اپنے خاندانوں کیلئے دولت اور عیاشیوں کے سامان پیدا کئے۔‘‘سید محمد الطاف بخاری نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کو مضبوط کرنے کے لیے اپنی پارٹی کے ساتھ ہاتھ ملا کر اس مشن میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا، ’’یک جْٹ ہوکر ہم جموں و کشمیر کے منظر نامے کو بہتر سے بہتر بنا سکتے ہیں۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ اپنی پارٹی اس بات کو یقینی بنائے گی کہ جموں و کشمیر میں جمہوریت اور جمہوری ادارے مضبوط ہوں، اور لوگوں کو وہ تمام حقوق حاصل ہوں جو ملک کے آئین کے تحت شہریوں کو حاصل ہیں۔‘‘انہوں نے یقین دلایا کہ ’’اپنی پارٹی ہمیشہ سچائی کے ساتھ کھڑی رہے گی اور کبھی بھی سیاسی مفاد کیلئے عوام کو گمراہ نہیں کرے گی۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’ہماری سیاست کی اساس سچائی اور ایمانداری پر مبنی ہے۔ روایتی جماعتوں کے برعکس، ہم اپنے سیاسی فائدے کے لیے لوگوں کو کبھی گمراہ نہیں کریں گے۔‘‘پارٹی کے بنیادی اصولوں کا اعادہ کرتے ہوئے، سید محمد الطاف بخاری نے کہا، ’’اپنی پارٹی اگست 2019 کے بعد اْس وقت قائم کی گئی تھی، جب پورا جموں و کشمیر بند تھا اور ہر طرف خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوگیا تھا۔ اس وقت یہاں کے لوگوں کو یہ خدشہ لاحق تھا کہ دفعہ 370 کی منسوخی اور جموں کشمیر کے ریاست کے درجہ کے خاتمے کے بعد اب یہاں ڈیموگرافی تبدیل کی جائے گی اور اس خطے کی مسلم اکثریتی شناخت تبدیل کی جائے گی۔ اْس وقت یہ المناک صورتحال دیکھنے کو ملی تھی کہ 70 سالوں سے اقتدار میں رہنے والے روایتی سیاستدانوں نے خاموش تماشائی بنے رہنے میں ہی اپنی عافیت سمجھی۔ ہم بھی ایسا ہی کرسکتے تھے لیکن ہم نے اْس مشکل وقت میں سامنے آکر اپنے عوام کے شانہ بہ شانہ کھڑے رہنے کا فیصلہ کیا۔ ہم نے جماعت قائم کی اور نئی دلی میں وزیر اعظم اور وزیر داخلہ سمیت بڑے لیڈروں سے ملاقات کی اور اْنہیں قائل کیا کہ وہ یہاں کی ملازمتوں اور زمین پر جموں و کشمیر کے لوگوں کے خصوصی حقوق کو محفوظ رکھیں۔‘‘آج اپنی پارٹی میں شامل ہونے والوں میں ممتاز سماجی اور سیاسی کارکن شجاعت وانی، صنعت نگر؛ کاروباری شخصیت مختار احمد ساکن ڈلگیٹ؛ ظہور احمد شیخ، ڈلگیٹ؛ پامپور سے شاہد احمد یتو؛ پامپور سے آصف احمد یتو؛ وانہ بل سے سماجی اور سیاسی کارکن تابش مشتاق اور ان کے درجنوں ساتھی شامل تھے۔تقریب میں سید محمد الطاف بخاری کے علاوہ پارٹی کے جو سرکردہ لیڈران موجود تھے، اْن میں پارٹی کے میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی، سرینگر ضلع کے سینئر نائب صدر اور حلقہ حبہ کدل کے پارٹی انچارج جیلانی حمید کمار، پارٹی کی یوتھ ونگ کے صوبائی صدر خالد راٹھور، چھانہ پورہ حلقہ کے پارٹی انچارج محمد اشرف ڈار، زون صدر چھا نہ پورہ اعجاز احمد خان، چھانہ پورہ حلقہ کے یوتھ زونل صدر ارشاد احمد شاہ، وارڈ صدر بڈشاہ نگر محمد جمال، میڈیا کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر نقیب راجہ، سینئر ورکر فاروق احمد خان، سینئر لیڈر سید مزمل رضوی اور دیگر لیڈران شامل تھے۔