سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی جزوی نقل و حمل بحال

سری نگر// وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر جمعہ کو ایک روز بعد ٹریفک کی جزوی نقل و حمل بحال کر دی گئی اور پہلے درماندہ گاڑیوں کو چلنے کی جازت دی گئی۔متعلقہ حکام نے ڈارئیور حضرات سے شاہراہ پر کئی مقامات پر پھسلن ہونے کے پیش نظر احتیاط سے گاڑیاں چلانے کی تاکید کی ہے۔جموں وکشمیر ٹریفک پولیس نے جمعہ کی سہہ پہر کو ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا: ‘جموں – سری نگر شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل کو جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے اور پہلے درماندہ گاڑیوں کو ہی چلنے کی اجازت ہے’۔انہوں نے مسافروں سے احتیاط سے چلنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا:’شیر بی بی کے نزدیک روڈ کا ایک حصہ سنگل لین ہے اور روڈ پر کئی مقامات پر پھسلن ہے لہذا احتیاط سے چلنے کی تاکید ہے’۔بتادیں کہ قومی شاہراہ کو برف باری کے باعث جمعرات کو ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند کر دیا گیا تھا۔تام حکام نے شاہراہ کو قابل آمد و رفت بنانے کے لئے وسیع پیمانے پر کام شروع کیا تھا۔ادھر جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ اور سری نگر – لیہہ شاہراہ پر بھی ٹریفک کی نقل و حمل مسلسل بند ہے۔