کشمیر میں ٹھٹھرتی سردیوں کا زور اور گہری دھند کا راج مسلسل جاری

سری نگر// وادی کشمیر میں ٹھٹھرتی سردیوں کا زور اور گہری دھند کا راج مسلسل جاری ہے جس سے اہلیان وادی گونا گوں مشکلات و مسائل سے دو چار ہو رہے ہیں۔سری نگر سمیت وادی کے مختلف حصوں میں جمعرات کی صبح بھی گہری دھند سے لوگوں کا گھروں سے باہر نکلنا امر محال بن گیا۔گہری دھند سے وزیبلٹی اس قدر کم تھی کہ ڈرائیور حضرات کو گاڑیاں چلانے کے لئے ہیڈ لائٹس چالو کرنا پڑیں نیز نماز فجر کی ادائیگی کے لئے مسجد جانے والوں کو بھی روشنی کا استعمال کرنا پڑا۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں دھند چھائی رہنے کا سلسلہ 31 دسمبر تک جاری رہ سکتا ہے۔ادھر شبانہ درجہ حرارت میں مزید گراوٹ درج ہونے سے سردی کی شدت بھی تیز تر ہوئی ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہان گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی3.2 ڈگری سینٹی گریڈ ہوا تھا۔لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی9.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی9.8 ڈگری سینٹی گریڈ کیا گیا۔سائبیریا کے بعد دنیا کے دوسرے سب سیسرد ترین علاقہ قصبہ دراس میں میں کم سے کم درجہ حرارت منفی12.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر میں 31 دسمبر تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران وسطی کشمیر، بارہمولہ، گاندربل اور پلوامہ کے میدانی علاقوں میں دھند چھائی رہنے کا امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 31 دسمبر کی شب پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں بارشوں یا برف باری کا امکان ہے۔قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں خشک موسم مگر ٹھٹھرتی شبانہ سردیوں کی سلامی کے بیچ سردیوں کا بادشاہ ’چلہ کلان‘ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب اپنے چالیس روزہ مسند اقتدار پر پوری آب وتاب کے ساتھ جلوہ افروز ہوگیا۔چلہ کلان جو ’شہنشہاہ زمستان‘ کے نام سے بھی وادی کے قرب وجوار میں مشہور ہے،21 دسمبر سے شروع ہو کر 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوجاتا ہے۔یو این آئی