جموں وکشمیر سیب، بادام، اخروٹ اور زعفران کی پیدا وار میں پہلے نمبر پر ہے:منوج سنہا

سری نگر/جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر سیب، بادام، اخروٹ اور زعفران کی پیدا وار میں پہلے نمبر پر ہے۔انہوں نے کہا کہ یونین ٹریٹری کو ‘فروٹ بوول آف انڈیا’ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو جموں وکشمیر فوڈ پروسیسنگ اینڈ ویلنس کانکلیو کا افتتاح کرنے کے موقع پر سماجی رابطہ گا ‘ایکس’ پر سلسلہ وار پوسٹس میں کیا۔انہوں نے کہا: ‘آج صبح جموں وکشمیر فوڈ پروسیسنگ اینڈ ویلنس کانکلیو کا افتتاح کیا اس دو روزہ کانکلیو نے سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے اور تعاون کو فروغ دینے کے لئے صنعت کے لیڈروں، پالیسی سازوں اور فوڈ پروسیسنگ کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے شراکت داروں کو ایک ہی جگہ مجتمع کیا’۔ان کا کہنا تھا: ‘جموں وکشمیر سیب، بادام، اخروٹ اور زعفران کی پیدا وار میں پہلے نمبر پر ہے، اس کو ‘فروٹ بوول آف انڈیا’ کے نام سے جانا جاتا ہے’۔مسٹر سنہا نے کہا کہ ‘فوڈ پروسیسنگ سیکٹر میں استحکام پھلوں کے کاشتکاروں کی تقدیر بدلنے اور اقتصادی ترقی کے لئے کلیدی محرک کا کر دار ادا کرے گا’۔انہوں نے کہا: ‘جموں وکشمیر میں صنعتوں کے لئے ریڈ ٹیپ کو ریڈ کارپیٹ سے بدلا جا رہا ہے ہم فوڈ پروسیسنگ، سبزیوں، بیکری کی پیدا وار اور نیوٹراسیو ٹیکل کے مختلف شعبوں میں مواقع پیش کر رہے ہیں’۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘جی آئی سرٹیفکیشن سے سرمایہ کاروں کو خوراک کی حفاظت اور بین الاقوامی معیارات بنانے میں مدد ملے گی’۔یواین آئی