سوشل میڈیا ِ،منفی پروپیگنڈا کا توڑ کرنے اور عوامی مسائل و مشکلات اُجاگر کرنے کا بہترین پلیٹ فارم:نیشنل کانفرنس

سری نگر// عوام کیساتھ براہ راست رابطے کا کوئی بھی نعم البدل نہیں ہوسکتا تاہم دورِ جدید کے تقاضوں کو ملحوظ نظر رکھتے ہوئے میڈیا اور سوشل میڈیا کی اہمیت اور افادیت کو سمجھ کر اپنی تنظیم کے سنہرے ماضی ،تابناک مستقبل،تاریخی و انقلابی اقدامات اور مستقبل کے منشور کو عوام تک بہ آسانی اور مؤثر طریقے سے پہنچایا جاسکتا ہے۔ان باتوں کااظہار پارٹی لیڈران نے آج پارٹی کی میڈیا اور کمیونیکیشن ونگ کے علاوہ صوبہ کشمیر کے اسمبلی حلقوں کے سوشل میڈیا انچارجوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کا اہتمام پارٹی کی سوشل میڈیا ونگ نے کیا تھا جبکہ اس موقعے پر پارٹی ٹریجرر شمی اوبرائے، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، ترجمانِ اعلیٰ تنویر صادق،سیاسی صلح کار مدثر شاہ میری،ریاستی ترجمان عمران نبی ڈار، نائب صدر صوبہ احسان پردیسی ، صوبائی یوتھ صدر سلمان علی ساگر، خواتین ونگ کی صوبائی صدر انجینئر صبیہ قادری، انچارج سوشل میڈیا عفرا جاناور کمیونیکیشن ونگ عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء نے میڈیا، سوشل میڈیا اور دورِ جدید کے تقاضوں کے لیکر اپنی اپنی آراء پیش کی اور اپنے مفید مشورے بھی پیش کئے ۔پارٹی لیڈران نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا اور سوشل میڈیا دورِ جدید میں اپنے وسیع استعمال کی وجہ سے نہایت اہمیت کا حامل ہے اورایک مضبوط ترین پلیٹ فارم کے طور پر اُبھر کر سامنے آیا ہے ۔ موجودہ دور میں جب حکومتی سطح پر عوام کا کوئی پُرسانِ حال نہیں ہم سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کے مسائل و مشکلات بھر پور انداز میں اُجاگر کرکے حکومت کو ان کا سدباب کرانے کیلئے مجبور کراسکتے ہیں۔اس کے علاوہ ہمیں سوشل میڈیا پر پھیلائے جارہے منفی اور پروپیگنڈا کا توڑ کرنے کیلئے بھی مستعد رہنا ہوگا۔لیڈران نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی تحریک، تاریخ اور ایجنڈا کو عوام تک پہنچانا ضروری ہے اورساتھ ہی جموں وکشمیر کے عوام کو شخصی راج کی غلامی سے نجات دلانے، زرعی اصلاحات کے تحت بلامعاوضہ 51لاکھ کنال اراضی کی تقسیم، مفت تعلیم، مفت طبی سہولیات، تعلیم نسواں، جمہوری اور آئینی اداروں کا قیام ، اٹانومی مسودہ ،انقلابی تعمیرو ترقی کے کاموں کے علاوہ نیا کشمیر ایجنڈا کو حقائق کیساتھ عوام تک پہنچانا لازمی ہے۔