شمالی کمان کے کمانڈر اور پولیس سربراہ نے مشترکہ طور سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا

جموں//فوج کے شمالی کمان کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دیویدی اور جموں وکشمیر پولیس سربراہ آر آر سوئن نے موسم سرما کے پیش نظر سیکورٹی پلان اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا۔جموں نشین دفاعی ترجمان نے بتایا کہ فوج کے شمالی کمان کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اوپندرا دیویدی اورڈائریکٹر جنرل آف پولیس آر آر سوئن نے جموں وکشمیر کی سیکورٹی صورتحال اور موسم سرما کے پیش نظر سیکورٹی پلان کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔انہوں نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران فوج اور پولیس کے درمیان بہتر تال کو مزید وسعت دینے ، دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹرولنس کی پالیسی اپنانے اور موسم سرما کے پیش نظر سیکورٹی پلان ترتیب دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دریں اثنا ذرائع نے بتایا کہ اس اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران لائن آف کنٹرول کی صورتحال اور ممکنہ دراندازی کے واقعات کو روکنے کی خاطر پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدپر فوج کو الرٹ پر رہنے کے احکامات جاری کئے گئے۔معلوم ہوا ہے کہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر سرحدی علاقوں میں ملی ٹینٹ مخالف آپریشنز میں مزید تیزی لانے کا بھی فیصلہ لیا گیا۔