نیوزڈیسک
نئی دہلی//مرکزی نقل وحمل و قومی شاہراہوں کے وزیر نتن گڈکری نے جموں و کشمیر کے رام بن میں چار لین والے 1.08 کلومیٹر طویل پل کی تعمیر کے منصوبے کی تکمیل پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک قابل ذکر کامیابی قرار دیا۔مسٹر گڈکری نے کہا کہ اس 1.08 کلومیٹر طویل پل کی تعمیر پر 328 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔ یہ پروجیکٹ نیشنل ہائی وے-44 کے اودھم پور-رام بن سیکشن پر واقع ہے۔ یہ منفرد پل 26 حصوں پر مشتمل ہے اور اس کی ساخت میں کنکریٹ اور اسٹیل کے گرڈرز کا استعمال کیا گیا ہے۔ اس کی تکمیل کے بعد گاڑیوں کی آمدورفت جو پہلے رام بن بازار میں ہوا کرتی تھی، کافی حد تک کم ہو گئی ہے اور ٹریفک کی روانی ہموار ہو گئی ہے۔مرکزی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی دور اندیش قیادت میں جموں و کشمیر میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی تیز رفتاری سے ہو رہی ہے اور اس تاریخی پل کی تعمیر سے نہ صرف خطہ کی اقتصادی خوشحالی کو فروغ ملے گا بلکہ یہ ایک اعلیٰ ترین پل کے طور پر کام کرے گا۔