ایشین پیرا گیمز میں تین تمغے جیتنے والی شیتل دیوی جموں پہنچنے پر والہانہ استقبال

اُڑان نیوز نیٹ ورک
جموں// چین کے ہانگزو میں ہوئے چوتھے ایشین پیرا گیمز میں بھارت کے لیے تین تمغے جیتنے والی شیتل دیوی کا کہنا ہے کہ مجھے تب زیادہ خوشی محسوس ہوئی جب میں نے ترنگے کو بلندی پر لہراتے ہوئے دیکھا۔انہوں نے کہا کہ میں نے ملک کے لئے تین تمغے حاصل کئے جن میں دو گولڈ اور ایک چاندی کا میڈل شامل ہے۔بتادیں شیتل دیوی جمعہ کے روز واپس جموں پہنچی جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔اس موقع پر انہوں نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ‘میں نے ملک کے لئے تین تمغے حاصل کئے جن میں دو گولڈ اور ایک چاندی کا میڈل شامل ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘مجھے سب سے زیادہ خوشی اس وقت ہوئی جب میں نے اپنے ملک کے ترنگے کو لہراتے ہوئے دیکھا’۔موصوفہ نے اپنے کوچز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں نے میڈل حاصل کرنے کے بعد اپنی کوچ کو گلے لگایا۔انہوں نے کہا: ‘میں نے وزیر اعظم نریندر مودی جی سے بھی ملاقات کی جنہوں نے میری حوصلہ افزائی کی’۔شیتل نے شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ نے وقت وقت پر ہمارا بھر پور سپورٹ کیا۔انہوںنے کہا کہ کھلاڑیوں کو جس چیز کی بھی ضرورت ہوتی ہے تو بورڈ ان کو وہ فراہم کرتا ہے۔دریں اثنا ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو انشول گرگ نے تمام پیرا آرچرز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تمام کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ شرائن بورڈ کے سپورٹس کمپلیکس میں تربیت حاصل کر رہے کھلاڑی آنے والے دنوں میں نئے ریکارڈ قائم کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ کہ یہکھلاڑی پیرا لمپکس 2024 کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور اس کے لئے سخت محنت کر رہے ہیں۔جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے شیتل دیوی کو تاریخی کامیابی حاصل کرنے پر مبارک باد دیتے ہوئے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا تھا: ‘ایک انتہائی اہم کامیابی، تیز اندازی خواتین کے انفرادی کمپائونڈ اوپن اوینٹ میں شاندار گولڈ میڈل حاصل کرنے پر شیتل دیوی کو مبارکباد’۔