ترقی پسند جموں و کشمیر ڈی پی اے پی کا مقصد:آزاد میری سیاست مذہب سے پاک، مفاد عامہ ترجیحی

اُڑان نیوز نیٹ ورک
بھدرواہ//ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کے چیئرمین غلام نبی آزاد نے منگل کے روز اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی سیاست مذہب سے پاک ہے اور مفاد عامہ سے متعلق مسائل کو اُجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ کبھی بھی ایسی سیاست میں ملوث نہ ہوں جو تفرقہ انگیز ہو اور فرقہ وارانہ بھڑک اٹھے اور سماج کو تقسیم کرے۔ انہوں نے کہا’’ہمارا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ہم پرامن اور ترقی پذیر جموں و کشمیر کے لیے لوگوں کو اکٹھا کریں۔ ہم تقسیم کی سیاست کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے کیونکہ ہماری پارٹی کی بنیاد انہی اصولوں پر ہے‘‘۔ ان باتوں کا اظہار سابقہ وزیر اعلیٰ نے بھدرواہ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست ایسے لوگوں کی خدمت نہیں کر سکتی جس کا فرقہ وارانہ اور تفرقہ انگیز ایجنڈا ہو۔ بھدرواہ بالخصوص اور وادی چناب اپنی سیکولر اقدار اور بھائی چارے کے لیے مشہور ہے۔ یہ بھائی چارہ اور اتحاد لائق تحسین ہے اور لوگوں کو اسے ہر حال میں برقرار رکھنا چاہیے، چاہے کچھ بھی ہو۔ انہوں نے اپنے کارکنوں کے درمیان میٹنگز اور عوام تک رسائی پر زور دیا اور انہیں ہدایت کی کہ وہ کارنر میٹنگ کریں اور پارٹی کے ایجنڈے کو سب کے سامنے بیان کریں۔ اُن کا کہناتھا’’ہمیں لوگوں تک پہنچنے اور انہیں اپنی پارٹی کا ایجنڈا سمجھانے کی ضرورت ہے۔ تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ہمارے مشن میں شامل ہونے کے لیے تیار ہوں‘‘۔ جلسے میں پارٹی وائس چیئرمین غلام محمد سروڑی، جنرل سیکریٹری عبدالمجید وانی اور انیتا ٹھاکر ، پی آر منہاس زونل صدر، آصف گتو ضلع صدر، پربھا سلاتھیا ، سنیتا اروڑہ ، جاوید آزاد ،عارف نجار ، پریتم کوتوال ، شیخ ظفر اللہ ، کرشن سنگھ منہاس اور محمد اشرف گونی بھی موجود تھے۔