سری نگر- جموں قومی شاہراہ اور مغل روڈ ٹریفک کے لئے بند

جموں// وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر پیر کو ٹریفک کی نقل و حمل بند رہی جبکہ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر تازہ برف باری کے بعد پھسلن پیدا ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل وحمل کو روک دیا گیا۔اطلاعات کے مطابق سری نگر جموں شاہراہ پر کئی مقامات پر پسیاں گر آنے کی وجہ سے شاہراہ کو ٹریفک کی آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ خراب موسمی صورتحال اور کئی مقامات پر پسیاں گر آنے کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کو روک دیا گیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ شاہراہ کو قابل آمد و رفت بنانے کے لئے کام زوروں سے جاری ہے۔ادھر جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر پیر کی صبح سے جاری برف باری کے باعث ٹریفک کی نقل وحمل کے لئے بند رہی۔حکام نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بحالی کا کام مکمل ہونے سے قبل قومی شاہراہ اور مغل روڈ ہر سفر کرنے سے اجتناب کریں۔