G-20میٹنگ :پورے جموں وکشمیرمیں تمام سیکورٹی ایجنسیاں الرٹ

SRINAGAR, MAY 21 (UNI) Security has been beefed up in Srinagar on Sunday ahead of G20 meeting beginning from Monday and all preparation has been put in place for the first major international event after J and K’s special status was abrogated in 2019. UNI PHOTO-21U

ڈرون اورسی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نقل وحمل پرکڑی نظر
جموں وکشمیرپولیس ،سینٹرل ریزرئو پولیس فورس،این ایس جی اور میرین کے کمانڈوز سریع الحرکت
جے کے این ایس
سرینگر//جی20ٹورازم ورکنگ گروپ کی پیرسے سری نگرمیں شروع ہونے والی تین روزہ میٹنگ کے پیش نظر پورے جموں وکشمیرمیں تمام سیکورٹی ایجنسیوںکو الرٹ کردیاگیاہے ۔جہاں سری نگر اور جموں شہر سمیت تمام اضلاع میں پولیس ،فورسزاور فوج کی جانب سے گشت وچوکسی اورچیکنگ وتلاشی کا عمل تیز کردیاگیا ہے ،وہیں بارڈر سیکورٹی فورس نے جی 20 اجلاس سے قبل بین الاقوامی سرحد پر سیکورٹی سخت کر دی ہے۔جے کے این ایس کے مطابق سری نگرمیں پہلی مرتبہ منعقد ہونے والی بین الااقوامی تقریب(جی20اجلاس) کے پیش نظر سری نگرشہر میں سیکورٹی انتظامات سخت کردئیے گئے ہیں ۔
اہم سڑکوں وتنصیبات ،بازاروں اور جہلم کے کناروں پرپولیس وفورسزکے دستے تعینات کئے گئے ہیں ،پورے شہر میں ڈرون اورسی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جملہ نقل وحمل پرکڑی نظررکھی جارہی ہے جبکہ مقام تقریب یعنیSKICCکے گردونواح اور متصل جھیل ڈل میں بھی سیکورٹی ایجنسیوں اور مختلف کمانڈوفورس کے چاک وچوبند دستے تعینات کئے گئے ہیں ۔سری نگرہوائی اڈے سے بلیو وارڈ روڑ تک جموں وکشمیر پولیس اور مرکزی پولیس فورس یعنی سی آرپی ایف کے اضافی دستے سریع الحرکت رکھے گئے ہیں ،اور ساتھ ہی اس اہم سڑک پر کچھ مقامات پر گاڑیوںکو روک کر تلاشی لینے کی کارروائی اتوار کو بھی جاری رکھی گئی ۔
حکام نے بتایاکہ تین روزہ بین الااقوامی تقریب کے پُرامن اورکامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری سیکورٹی اقدامات کئے گئے ہیں۔تاہم انہوںنے کہاکہ تین روز تک جاری رہنے والی اس تقریب کے دوران شہرسری نگرمیں نقل وحمل یا معمول کی سرگرمیوں پرکوئی پابندی یابندش عائد نہیںہوگی اور معمول کی طرح ہی بازار اورتعلیمی ادارے کھلے رہیں گے ۔اُدھر جموںمیں جاری ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بی ایس ایف کے خصوصی دریائی دستے نے دریائے چناب کے ساتھ خصوصی کشتیوں پر اپنی گشت بڑھا دی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ کشتیاں خاص طور پر دریائے چناب کے تیز دھاروں میں پینتریبازی کرنے اور دریا کے ساتھ سرحد کی حفاظت کے لیے بنائی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ دن رات کشتیاں گشت کر رہی ہیں، اس کے ساتھ ساتھ ہسیکورٹی اہلکارپیدل گشت، گاڑیوں میں بھی گشت کر رہے ہیں۔اس دوران راجوری وپونچھ اضلاع میں جموں و کشمیر پولیس کی طرف سے ہر قسم کی گاڑیوں کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔ بارڈر سیکورٹی فورس نے جی 20 اجلاس سے قبل بین الاقوامی سرحد پر سیکورٹی سخت کر دی ہے۔حکام نے بتایاکہ پورے جموں وکشمیرمیں لائن آف کنٹرول اور بین الااقوامی سرحدکے نزدیک چوکسی مزید بڑھائی گئی ہے ،کیونکہ سرحدپار سے کوئی بھی شرارت ہوسکتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ سرحدپار بیٹھے امن دشمن عناصر جی20کے موقعہ پرکوئی بھی غلط حرکت کرسکتے ہیں ،اسلئے ایل ائو سی اور بین الااقوامی سرحد پر رات دن سیکورٹی اہلکاروںکو الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔قابل ذکر ہے کہ حالیہ کچھ دنوںکے دوران فوج کی شمالی کمان کے سربراہ لیفٹنٹ جنرل اوپندر دویدی نے راجوری وپونچھ اضلاع کے سرحدی علاقوںکا دورہ کرنے کے بعد اتوار کو کشمیرمیں کیرن اور اوڑی سیکٹر کادورہ کرکے لائن آف کنٹرول کی تازہ صورتحال اورکسی بھی نوعیت کے حالات سے نمٹنے کیلئے فوج کی جانب سے کی گئی تیاریوںکا بھی جائزہ لیا۔