گورنرکی صدارت میں ریاستی انتظامی کونسل کا اجلاس

اڑان نیوز
جموں//ریاست میں مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے گورنر ستیہ پال ملک کی صدارت میں ریاستی انتظامی کونسل نے سرکاری اراضی کو مختلف محکموں کو منتقل کرنے کے لئے صوبائی کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کو اختیارات تفویض کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔اِنتظامی کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ صوبائی کمشنرکو 10کنال سے 100کنال تک کی سرکاری اراضی جبکہ ڈپٹی کمشنر کو10کنال تک کی سرکاری اراضی کو ترقیاتی کاموں کے لئے مختلف محکموں کو منتقل کرنے کے لئے اختیار دیا جائے گا۔محکمہ مال 100کنال سے 500کنال تک سرکاری اراضی کی منتقلی کے عمل کا جائزہ لے گا۔انتظامی کونسل نے فیصلہ لیا ہے کہ 500کنال سے زیادہ اراضی کو مرکزی سرکار ، مختلف کارپوریشنوں ، ایجنسیوں ، پبلک سروس یونیوں اور دیگر ترقیاتی پروگراموں کے لئے منتقل کرنے اور لیز پر دینے کے کیسوں کو منظوری دی ہے اور دفعہ 256(2) کے تحت اراضی کی منتقلی سے متعلق معاملات کو ریاستی کابینہ اور ریاستی انتظامی کونسل کی منظوری کے لئے داخل کرنے کے لئے کہا ہے ۔علاوہ ازیں کسی بھی ریاستی یا مرکزی محکمہ ، ایجنسی ، خود مختار باڈی ، سرکاری کارپوریشن ، بورڈ اور پی ایس یو کو اراضی منتقل کرنے کے عمل میں ضوابط میں آسانی سے متعلق معاملات کو بھی کابینہ اور انتظامی کونسل کی منظوری کے لئے داخل کرنے کے لئے کہا ہے۔انتظامی کونسل نے ہدایت دی ہے کہ اراضی کی منتقلی کا اختیار کسی بھی پروجیکٹ کی پیشگی منظوری پر منحصر ہوگا ۔اِس فیصلے سے عوامی اہمیت کے حامل مختلف پروجیکٹوں میں سرعت لا کر انہیں وقت پرمکمل کرنے میں کافی مدد ملے گی اور انہیں بغیر کسی اضافی رقم سے مقررہ وقت مکمل کیا جائے گا۔