عدالت عالیہ کا دفعہ 376کے تحت درج ایف آئی آر کالعدم قرار دینے سے انکار

عدالت عالیہ کا دفعہ 376کے تحت درج ایف آئی آر کالعدم قرار دینے سے انکار
وکلا کو ایسے معاملات میں ملزمین کی حوصلہ افزائی نہ کرنے کا مشورہ
الطاف حسین جنجوعہ
جموں//جسٹس ایم ایم ہانجورا نے دفعہ376رنبیر پینل کوڈ کے تحت درج ایف آئی آر کو کالعدم قرار دینے سے متعلق دائر عرضی کو مسترد کرتے ہوئے وکلاءکو مشورہ دیاکہ وہ ایسے ملزمین کی حوصلہ افزائی نہ کریں۔CRMC 317/2018 سنجیو کمار شرما بنام پوجا شرما معاملہ کی سماعت کے دوران جسٹس ایم ایم ہانجورا نے سخت موقف ا ختیار کرتے ہوئے کہاکہ دفعہ376جیسے سنگین الزامات میں ایف آئی آر کو کالعدم قرار نہیں دیاجاسکتا۔انہوں نے کہاکہ کم سے کم وہ ایسے معاملات میں کبھی بھی مقدمہ کالعدم قرار نہیں دے سکتے۔ جسٹس ہانجورا نے کہاکہ ایسے جرائم میں ملوث افراد کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہئے، یہ ہمارے سماج پردھبہ ہیں۔ اس طرح دفعہ کو کالعدم قرار دینے یا جاری تحقیقاتی عمل پر حکم امتناعی کے لئے عدالت عالیہ کا رجوع کرنا ٹھیک نہیں۔انہوں نے وکلاءسے تاکید کرتے ہوئے کہاکہ ایسے معاملات میں رٹ پٹیشن کورٹ میں دائرکر کے ملزمین کی حوصلہ افزائی نہ کریں۔ دفعہ376کے تحت درج معاملات کی باقاعدہ تحقیقات ہونی چاہئے، اگر کہیں کچھ غلط ہوگا تو وہ دورانِ ٹرائل اس کا دفاع کیاجاسکتا ہے لیکن ابتدائی مرحلہ پر ہی تحقیقاتی عمل پر روک نہیں لگائی جاسکتی۔