عنایت ، بالی نے کرگل میں طبی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا

جموں//قانون ساز کونسل کے چیئرمین حاجی عنایت اور صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے کرگل ضلع میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران طبی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔چیئرمین /سی ای سی ایل اے ایچ ڈی سی کرگل کے اے کاچو ، ایگزیکٹیو کونسلرمحمد حسین ، کونسلر ایل اے ایچ ڈی سی محسن علی ، صحت و طبی تعلیم کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر پون کوتوال ، مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم ڈاکٹر موہن سنگھ و دیگر متعلقہ افسران میٹنگ میں موجود تھے۔خطے میں طبی اداروں کی کارکردگی ، ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کی خالی اسامیاں کو پُر کرنے جیسے معاملات میٹنگ میں زیر بحث آئے۔چیئرمین نے 200بستروں والے نئے ضلع ہسپتال اور کھرباتھنگ میں جی این ایم سکول پر جاری کام کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے رقومات کی واگزاری کا مطالبہ کیاتاکہ ان اداروں کی تعمیر ی کام جلد از جلد مکمل کیا جاسکے۔ان مطالبات کے ردِّعمل میں وزیر صحت نے کہا کہ حکومت کے لئے صحت ایک ترجیحی سیکٹر ہے اور اس کے بنیادی ڈھانچے کو ریاست کے طو ل و عرض میں اَپ گریڈ کرنے کی طرف خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔