حکمت عملی اور نقش راہ واضح
ووٹران ، اُمیدواروں اور سیاسی جماعتوں کے ایجنٹوں کو سیکورٹی فراہم کی جائے گی، ایس پی اوز کے خدشات کو بھی دور کیا جائے گا:پولیس سربراہ
اُڑان نیوز
جموں// ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) جموں و کشمیر آر آر سوین کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر پولیس دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے پر عزم ہے۔انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ اس ضمن میں ہمارا روڈ میپ اور ہماری حکمت عملی واضح ہے اور ہم دہشت گردی کے خاتمے سے زیادہ دور نہیں ہیں۔موصوف ڈی جی پی نے ان باتوں کا اظہار اتوار کے روز ضلع ڈوڈہ میں عوامی شکایات کے ازالے کے پروگرام کے حاشئیے پر نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘سیکورٹی فورسز اور پولیس جموں و کشمیر سے دہشت گردوں اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے پر عزم ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں ہمارا روڈ میپ اور ہماری حکمت عملی واضح ہے اور ہم دہشت گردی کے خاتمے سے زیادہ دور نہیں ہیں۔انہوں نے کہا: ‘ہماری حکمت عملی واضح ہے ہمارا ایک روڈ میپ ہے اور ہم اپنے طریقہ کار سے پیچھے نہیں ہٹیں گے’۔مسٹر سوین نے کہا: ‘میں یقین دلانا چاہتا ہوں کہ جموں وکشمیر میں مقررہ وقت پر دہشت گردی ختم ہوجائے گی’۔لوک سبھا انتخابات کے انعقاد کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ‘الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں سخت ہدایات جاری کی ہیں ہم سیاسی جماعتوں، ان کے ایجنٹوں اور ووٹروں کو محفوظ ماحول فراہم کریں گے یہ ہماری ڈیوٹی اور ذمہ داری ہے’۔انہوں نے کہا: ‘ان انتخابات کے انعقاد کے پیش نظر یہاں موجود سیکورٹی فورسز کے علاوہ مزید سیکورٹی فورسز کو جموں و کشمیر لایا جائے گا تاکہ انتخابات پر امن طریقے سے منعقد ہوسکیں’۔ان کا کہنا تھا: ‘مرکزی حکومت کے ساتھ بات چیت چل رہی ہیمزید سیکورٹی فورسز کو پولنگ ڈیوٹی کے لئے جموں و کشمیر لایا جائے گا’۔ایس پی اوز کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں موصوف ڈی جی پی نے کہا: ‘ان کے مسائل زیر غور ہیں ہم چاہتے ہیں کہ ان کو وہ فوائد ملنے چاہئے جن کے وہ حقدار ہیں’۔انہوں نے کہا: ‘ہم ان کو اچھا معاوضہ دینا چاہتے ہیں آپریشنل سرگرمیوں میں حصہ لینے والوں کو اچھے فائدے دلوانے کی کوشش کی جائے گی’۔