ڈاکٹر شمس کمال انجم کو ’’ممتاز محقق ایوارڈ برائے ۲۰۱۷ء ‘‘ ادبیات اور سائنس میںریسرچ وتحقیق کے فروغ کے لیے بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کا اقدام

اُڑان نیوز
راجوری، 16دسمبر(یواین آئی) بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری( جموں وکشمیر) نے یونیورسٹی کے صدرشعبئہ عربی ، اردو اور اسلامک اسٹڈیز ڈاکٹر شمس کمال انجم کو اپناپہلا ”ممتاز محقق ایوارڈ برائے 2017” دیا ہے ۔یہ ایوارڈسند، ٹرافی اور دولاکھ روپے بطور ریسرچ گرانٹ پر مشتمل ہے ۔یہاں جاری ایک بیان کے مطابق ڈاکٹر انجم کو یہ ایوارڈ یونیورسٹی کے چودھویں یوم تاسیس کے موقع منعقد تقریب میں دیا گیا۔ اس موقع پر ریاست کے کابینی وزیر نعیم اختر ، شیخ الجامعہ پروفیسر جاوید مسرت، رجسٹرار اور ڈین اکیڈمک افیئرس پروفیسر اقبال پرویز، ڈین اسٹوڈنٹ پروفیسر ایم اصغر اور ایم ایل اے راجوری قمر حسین چودھری بھی موجود تھے ۔خیال رہے کہ ریسرچ وتحقیق کے فروغ کے لیے اور طلبہ واساتذہ کی حوصلہ افزائی کے خاطر یونیورسٹی نے ہر سال ”ممتاز محقق ایوارڈ ” دینے کا فیصلہ کیا تھا۔اس سلسلے میں ادبیات، سوشل سائنس اور منجمنٹ زمرے کا سب سے پہلا ”ممتاز محقق ایوارڈ ” کے لئے ڈاکٹر شمس کمال انجم کا نام منتخب کیا گیا۔ڈاکٹر انجم کی دو درجن سے زائد تالیفات وتصنیفات وتراجم اورایک سو سے زائد علمی وادبی مضامین کے علاوہ ”جدید عربی ادب، جدید عربی شاعری، عربی نثر کا فنی ارتقاء، عربی تنقید کا سفر، تاریخ ادب عربی،بلاغت قرآن کریم، حدیث عرب وعجم اور تاریخ مدینہ منورہ” نامی کتابیں شائع ہوچکی ہیں۔ان کا ایک نعتیہ مجموعہ بھی لغ العلی بکمالہ کے عنوان سے منظر عام آچکا ہے ۔اس موقع پر شیخ الجامعہ پروفیسر جاوید مسرت نے ا ظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ انہیں امید ہے کہ اس ایوارڈ کے آغاز سے یونیورسٹی کے اساتذہ وطلبہ مزید جوش وخروش کے ساتھ ریسرچ اور تحقیق میں کارہائے نمایاں انجام دیں گے اور آئندہ برسوں میں خود کو اس ایوارڈ کا مستحق بنائیں گے ۔