سٹیٹ پنشنروں کو اگلے سال سے مفت انشورنس کور : درابو

سرینگر// ایک اہم فیصلے کے تحت وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب احمد رابو نے اعلان کیا ہے کہ جموں وکشمیر کے پنشنروں کو اگلے سال سے مفت انشورنس کور حاصل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پنشنر قوم کا اثاثہ اور ہماری روایات اور تمدن کے توشہ خانہ ہیں اُن کی اعلیٰ کارکردگی کے مد نظر حکومت نے فیصلہ لیا ہے کہ انہیں اگلے سال سے مفت انشورنس کور فراہم کیا جائے گا۔وزیر خزانہ بڈگام میں شیخ العالم ہال میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقعہ پر سینکٹروں پنشنرز بھی موجود تھے۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر ، ایس ایس پی بڈگام، معزز شہری، سول سوسائٹی اور دیگر ضلع افسران موجود تھے۔ تقریب سے قبل پنشنروں نے وزیر کو اپنے مطالبات کی فہرست پیش کی۔وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ اُن کے جائیز مطالبات کو معیاد بند طریقے پر حل کیا جائے گا.