خطہ چناب میں بڑھتے ہوئے سڑک حادثات افسوسناک:آزاد ڈوڈہ حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا،حکومت پر بہتر رابطہ سڑکیں بنانے وٹریفک قوانین کی عمل آوری پرزور

Reading Time: < 1 minute

اڑان نیوز
جموں// سابق وزیر اعلی وراجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف رہنما غلام نبی آزاد نے خطہ چناب میں بڑھتے ہوئے سڑک حادثات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی سرکار وصوبائی انتظامیہ سے ان حادثات کی روک تھام کے لئے ٹھو س اقدامات کرنے پر زور دیا ہے۔اپنے ایک بیان میں آزاد نے پیر کے روز ڈوڈہ گھٹ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک ہی کنبہ کے پانچ افراد جاں بحق ہونے پر گہرے صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی۔انہوں نے کہا کہ وہ اس غم میں اہل خانہ کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔آزاد نے مہلوکین کے ایصال ثواب کے لئے مغفرت کی دعا مانگی۔انہوں نے خطہ چناب کی رابطہ سڑکوں کی خستہ حالی پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ خراب سڑکوں کی وجہ سے آئے روز قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہورہا ہے جو کہ قابل افسوسناک ہے۔انہوں نے حکومت وصوبائی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ سڑکوں کی خستہ حالی کو دور کرنے و خطہ میں ٹریفک قوانین کی عمل آوری کو یقینی بنانے کے لئے ٹھو س اقدامات کریں۔