تازہ ترین سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال
سرینگر// وزیرا علیٰ نے نئی دہلی میں وزیر داخلہ کے ساتھ ملاقات کی جس دوران ریاست کی تازہ ترین سیکورٹی صورتحال پر وزیر اعلیٰ نے وزیر داخلہ کو جانکاری فراہم کی ۔ مرکزی وزیر داخلہ نے وزیر اعلیٰ کویقین دہانی کرائی کہ ریاست میں امن و امان کی بحالی کیلئے نئی دہلی ریاستی حکومت کو ہر سطح پر تعاون فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی نے نئی دہلی میں وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے ساتھ ملاقات کی جس دوران ریاست کی تازہ ترین سیکورٹی صورتحال پر دونوں لیڈروں نے تبادلہ خیال کیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ میٹنگ کے دوران وزیر اعلیٰ نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے امن و امان کی خاطر کارگر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ سرگرم عسکریت پسندوں پر سیکورٹی فورسز نے دباو بنائے رکھا ہے اور پچھلے تین ماہ سے جنگجو مخالف آپریشن کے دوران کئی کمانڈروں کو سیکورٹی فورسز نے ما ر گرایا ہے۔ محبوبہ مفتی نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ سرحدوں کے نزدیک رہائش پذیر لوگوں کو راحت فراہم کرنے کی خاطر بھی ریاستی حکومت نے سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کارگر اقدامات اٹھائیں اور گولہ باری کے دوران لوگوں کو مفت کھانے پینے کی اشیاءاور دوسری ضروریات زندگی کی چیزیں حکومت کی جانب سے دی جاتی ہیں۔ وزیر داخلہ نے اس موقعے پر بتایا کہ مرکزی حکومت ریاست سرکار کی ہر طرح سے تعاون فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ انہوںنے کہاکہ ریاست خاص کرو ادی کشمیر میں کسی کو امن و امان میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔