انسانی اقدار ہمارے آئین کی بنیاد مرکز اگلی سماعت تک روہنگیا پناہ گزینوں کو واپس نہ بھیجے: سپریم کورٹ

یو این آئی
نئی دہلی// بھارت کے مختلف حصوں میں رہ رہے روہنگیا پناہ گزینوں کو ملک میں رہنے یا پھر انہیں واپس ان کے ملک بھیجنے کے معاملہ پر جمعہ کے روز سپریم کورٹ نے سماعت 21 نومبر تک موّخر کر دیا ہے۔ جمعہ کے روز سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ نے سبھی فریقوں سے اپنی اپنی دلیلیں تیار رکھنے کو کہا ہے۔ سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے کہا کہ انسانی اقدار ہمارے آئین کی بنیاد ہیں۔ ملک کی سلامتی اور اقتصادی مفادات کی حفاظت ضروری ہے۔ لیکن متاثرین، خواتین اور بچوں کو نظر انداز بھی نہیں کیا جا سکتا۔عدالت نے مرکزی حکومت کو حکم دیا کہ وہ انہیں اگلی سماعت تک واپس بھیجنے کا فیصلہ نہ لے۔ خیال رہے کہ روہنگیا پناہ گزینوں نے مرکزی حکومت کے اس فیصلہ کو چیلنج کیا ہے جس میں انہیں بھارت سے واپس بھیجنے کو کہا گیا ہے۔ چیف جسٹس دیپک مشرا سمیت3 ججوں کی بینچ روہنگیا مسئلہ کی سماعت کر رہی ہے۔