اڑان نیوز
سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے آج جھیل ڈل کے اندرونی علاقہ کے دورے کے دوران عالمی شہرت یافتہ جھیل کی صفائی اور گھاس پھوس نکالنے کے عمل کا جائیزہ لیا۔وزیر اعلیٰ نے بلیوارڈ سے نشاط گھاٹ تک جھیل کے اطراف کا معائنہ کر کے مختلف ایجنسیوں کی طرف سے جھیل کو پاک و صاف رکھنے کا موجودہ عمل کا بھی جائیزہ لیا۔دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے نشاط علاقہ میں جھیل کے کناروں پر پڑے ہوئے کباڑ کو ہٹانے کی ہدایت دی۔انہوں نے جھیل سے گھاس پھوس نکالنے اور جھیل کی صفائی کو یقینی بنانے کے عمل کو تیز تر کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر جھیل کے رکھ رکھاؤ کی نگرانی کرتی رہیں گی۔وزیر اعلیٰ نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ جھیل کے تحفظ اور اسے بہتر حالت میں رکھنے کے لئے ذمہ دار شہری ہونے کا رول ادا کریں۔انہوں نے جھیل کو مزید کثافت سے بچانے اور اس کے اندر ناجائیز تجاوزات کو روکنے کے سلسلے میں عوام کو حکومت کی کاوشوں میں بھرپور تعاون دینے کی اپیل کی۔اس موقعہ پر محبوبہ مفتی کو بتایا گیا کہ جھیل کے5 کلو میٹر علاقہ میں لِلی کی پیداوار میں سے2 کلو میٹر علاقہ سے لِلی کو ہٹایا گیا ہے جس کے لئے افرادی قوت اور مشینیں بروئے کار لائی گئی ہیں۔وزیر اعلیٰ کو مزید بتایا گیا کہ جھیل کے32 سیکشنوں میں سے گھاس پھوس نکالنے کے عمل میں500 ماہر مزدوروں کو ہر دن کام پر لگایا جارہا ہے۔وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل، کمشنر سیکرٹری مکانات و شہری ترقی ہردیش کمار، ڈپٹی کمشنر سرینگر ڈاکٹر سید عابد رشید، وائس چیئرمین لاؤڈا ڈاکٹر عبدالحافظ مسعودی، کمشنر ایس ایم سی ڈاکٹر شفقت خان اور دیگر افسران بھی دورے کے دوران وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔
وزیر اعلیٰ نے جھیل ڈل کے اندرونی علاقوں کا دورہ کیا نشاط گھاٹ کے پاس کباڑ کو فوراً ہٹانے کی ہدایت دی

Reading Time: < 1 minute