اڑان نیوز
سرینگر//متعدد وفود آج یہاں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقی ہوئے اور انہیں درپیش مسائل سے آگاہی دلائی۔سول سوسائٹی کے ممبران کا ایک وفد وزیر اعلیٰ سے ملاقی ہوا اور سوپور میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا عہدہ معرض وجود میں لانے کے لئے شکریہ ادا کیا۔انہوں نے قصبہ میں طبی سہولیات، پینے کے پانی اور تعلیمی سہولیات کی فراہمی کی بھی مانگ کی۔اسلامیہ کالج حول کی انتظامیہ کا ایک وفد وزیر اعلیٰ سے ملاقی ہوا اور اسلامیہ کالج کی کارکردگی کے بارے میں انہیں مطلع کیا۔محبوبہ مفتی نے کالج انتظامیہ اور اساتذہ کو این اے اے سی ایکری ڈیٹیشن حاصل کرنے کے لئے مبارک باد پیش کی۔دراس کے ایک وفد نے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال اور ایس ڈی ایم دفتر میں عملہ کی تعیناتی کی مانگ کی۔انہوں نے قصبہ کے لئے بائی پاس تعمیر کرنے، بجلی سپلائی کو بہتر بنانے کے علاوہ دراس۔ گریز سڑک کو لوگوں کے لئے کھولنے کی درخواست کی۔انہوں نے علاقہ میں کالج کی منظوری اور کچھ ہائی سکولوں کا درجہ بڑھانے کیلئے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔فوڈ ٹیکنالوجی کے طُلاب کا ایک وفد بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقی ہوا اور اس مضمون کو مقبول بنانے کا مطالبہ کیا۔کئی ٹور اینڈ ٹریول ایجنسیوں کے وفود نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور ریاست میں سیاحت کے فروغ کے سلسلے میں اُٹھائے گئے اقدامات کے لئے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کشمیر کے بارے میں منفی ٹریول ایڈوائزریز کو منسوخ کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔ جگٹی کے پنڈت طبقہ کے ایک وفد نے وزیر اعلیٰ سے درخواست کی اُن کے ٹاؤن شِپ میں سٹریٹ لائٹس لگائی جائیں۔مائیکرو سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز کے ممبران کا ایک وفد وزیر اعلیٰ سے ملاقی ہوا اور یونٹ ہولڈروں کے لئے فارسٹ کلیرینس میں معقولیت لانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے صنعتی اسٹیٹس میں بلا خلل بجلی، بقایا جات کی واگذاری کی بھی اپیل کی۔سٹیٹ پروکیورمنٹ ڈیپارٹمنٹ، آئی ٹی پروفیشنلز اور جے اینڈ کے بنک افسرس ایسوسی ایشن کے وفود بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقی ہوئے اور انہیں درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔وزیر اعلیٰ نے تمام وفود کے مطالبات کو بغور سُنا اور یقین دلایا کہ انہیں حکومت مرحلہ وار طریقہ پر حل کرے گی۔