انسانی جان کی قیمت گائے سے زیادہ نہیں: ٹی راجا سنگھ

Reading Time: < 1 minute

انڈیا کی وسطی ریاست تلنگانہ میں بی جے پی کے رکن اسمبلی ٹی راجا سنگھ گائے اور رام مندر کے لیے قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کے حق میں ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ‘انسانی جان کی قیمت گائے سے زیادہ نہیں ہے۔’

٭ ’گائے کے محافظوں‘ کے حملے میں زخمی ہونے والا شخص ہلاک

٭ ‘بابری مسجد کا تنازع عدالت سے باہر حل کیا جائے’

ان کا کہنا ہے کہ منہدم بابری مسجد کی جگہ ایودھیا میں رام مندر بنانے کے لیے وہ اپنے عہد کے پابند ہیں اور اس کے لیے وہ ‘جان دینے اور جان لینے کو تیار ہیں۔’

کیا ایک رکن اسمبلی کو یہ کہتے ہوئے ہچکچاہٹ نہیں ہونی چاہیے؟

اس کے جواب میں وہ کہتے ہیں: ‘رکن اسمبلی سے پہلے میں ایک ہندو ہوں۔ اور میں اپنا فرض ادا کر رہا ہوں۔’ بہرحال اس کے ساتھ وہ یہ ضرور کہتے ہیں کہ یہ ان کی پارٹی کا نہیں، بلکہ ان کا ذاتی موقف ہے۔

رام مندر کے متعلق متنازع بیان پر راجا سنگھ نے بی بی سی سے کہا: ‘رام مندر بنانا ہر ہندو کا عزم ہے اور میرا بھی عہد ہے۔ ہندو ہو یا مسلمان سکھ ہو یا عیسائی اگر کوئی بھی رام مندر کی تعمیر کی راہ میں آتا ہے تو ہم ہم جان دے بھی سکتے ہیں اور ہم ان کی جان لے بھی سکتے ہیں۔’