پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری ون ڈے سیریز کا تیسرا اور آخری ایک روزہ میچ آج گیانا میں کھیلا جائے گا جس میں جیت کی صورت میں فاتح ٹیم سیریز بھی اپنے نام کر لے گی۔
تین میچوں کی یہ سیریز ایک ایک میچ سے برابر ہے۔
سیریز کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے زبردست مقابلہ کرتے ہوئے 309 رنز کا ہدف پورا کیا لیکن اگلے میچ میں سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان نے 74 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔
گیانا: ویسٹ انڈیز کی پاکستان کے خلاف شاندار فتح
پاکستان کی ویسٹ انڈیز پر فتح، سیریز برابر
ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے آخری دفعہ سنہ 1991 میں پاکستان کو ایک روزہ میچوں کی سیریز میں شکست دی تھی۔ اگر آج ویسٹ انڈیز فتح حاصل کرتا ہے تو 26 برس بعد پاکستان کے خلاف سیریز میں فتح سے زیادہ اہمیت 2019 کے ورلڈ کپ میں براہ راست رسائی حاصل کرنے کی ہوگی۔
واضح رہے کہ آئی سی سی کی درجہ بندی میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز اس وقت بالترتیب آٹھویں اور نویں پوزیشن پر ہیں اور 2019 میں ہونے والے ورلڈ کپ میں عالمی رینکنگ کی ابتدائی آٹھ ٹیموں کو براہ راست رسائی حاصل ہوگی جبکہ دیگر ٹیموں کو کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا ہوگا، جن میں سے دو ہی ٹیمیں آگے جا سکیں گی۔
پاکستان کو 2019 کے عالمی کپ میں اپنی براہ راست رسائی کو یقینی بنانے کے لیے اس سیریز کے تینوں میچ جیتنا لازمی تھا جو کہ اب پہلے میچ میں شکست کے بعد ممکن نہیں رہا۔ تاہم سیریز جیتنے کی صورت میں اس کی آٹھویں پوزیشن برقرار رہ سکتی ہے۔
یہ دونوں ٹیمیں ماضی میں ایک روزہ میچوں میں عالمی چیمپیئن رہ چکی ہیں لیکن حالیہ برسوں میں ان کی کارکردگی کھیل کے اس فارمیٹ میں کافی بری رہی ہے۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم نے دوسرے میچ میں شاندار سینچری سکور کی اور اپنے کیریئر کے اب تک کے سب سے زیادہ 125 رنز بنائے جبکہ باؤلنگ میں حسن علی نے اپنی کیریئر میں دوسری دفعہ ایک اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
میچ پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے کھیلا جائے گا لیکن خدشہ ہے کہ میچ کے دوران بارش کی وجہ سے خلل آسکتا ہے ۔
ایک روزہ میچوں کے بعد پاکستان کی ٹیم ایک سائیڈ میچ کھیلے گی جس کے بعد 21 اپریل سے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز ہوگا جو کہ پاکستان کے کپتان مصباح الحق اور بیٹسمین یونس خان کے کیرئیر کی آخری ٹیسٹ سیریز ہوگی۔