بانہال میں بھی ہڑتال

اڑان نیوز
بانہال // وادی میں علیحدگی پسندوں کی طرف سے افضل گورو کی برسی پر دی گئی ہڑتال کی کال کا اثر بانہال میں دیکھا گیا اور جمعہ کے روز قصبہ اور مضافات میں پیشتر دوکانیں بند رہیں ۔البتہ جمعرات کو بانہال بند کی کال مقامی بیوپار منڈل نے بھی حکومت پر اس علاقہ کی تعمیر و ترقی پر دھیان نہ دینے کے خلاف دے رکھی تھی ۔ جمعہ کے خطبے کے دوران مرکزی جامع مسجد بانہال کے امام مولانا نظیر احمد نے افضل گورو کو خراج عقیدت پیش کیا ۔تاہم پولیس کا کہنا تھا کہ یہ ہڑتال بجی ، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی قلت کے خلاف دی گئی تھی ۔ اس دوران پولیس اور انتظامیہ نے امن و قانون برقرار رکھنے کے لئے اضافی سیکورٹی اقدامات کر رکھے تھے ۔ ہڑتال کی کال کے پیش نظر جمعہ کو بانہال ، سرینگر بارہمولہ ریل خدمات بھی معطل رہیں ۔