سمندری قزاقی اور اسمگلنگ میں ملوث افرادکو کسی بھی حال میں برداشت نہیں کیا جائے گا:وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ

حیدرآباد// وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے آج آندھراپردیش کے وشاکھاپٹنم میں جہاز ‘آئی این ایس سیدھیاک’ قوم کے نام کیا۔ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل آر۔ ہری کمار، مشرقی بحریہ کے سربراہ وائس ایڈمرل راجیش پینڈرکا اس موقع پر موجود تھے۔آئی این ایس سندھیاک کو کولکتہ میں گارڈن ریچ شپ بلڈنگ انجینئرز نے ہائیڈرو گرافک سروے کرنے کے لیے مرکزی وزارت دفاع کی ہدایت پر بنایاہے۔ اس کوبنانے کاکام 2019 میں شروع ہواتھ جو 5 دسمبر 2021 کو مکمل ہوا۔اس جہاز کی صلاحیت 3,800 ٹن ہے۔ ہیلی پیڈ، سروے تکنیکی سامان، دو ڈیزل انجنوں سے یہ جہاز لیس ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ اگرمیں ہماری بحری طاقت کے بارے میں کچھ کہنا چاہوں تویہ بتاناچاہوں گاکہ ہندوستانی بحریہ اتنی مضبوط او رطاقتورہوگئی ہے کہ بحرہند اور بحراوقیانوس کے علاقہ میں سلامتی اور تحفظ کے لحاظ سے سب سے پہلے قدم اٹھانے والے ہم ہیں۔اگرہم عالمی تجارت کی بات کریں تو بحر ہند کو کئی اعتبارسے مرکزی حیثیت حاصل ہے۔خلیج عدن ہوخلیج گینیاوغیر ہ جیسی اہم گذرگاہیں بحر ہند سے گذرتی ہیں جہاں سے بڑی مقدار میں بین الاقوامی تجارت کی جاتی ہے۔ ان اہم گذرگاہوں میں کئی خطرات ہیں تاہم سب سے بڑاخطرہ قزاقی کا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ سمندری قزاقی اور اسمگلنگ میں ملوث افرادکو کسی بھی حال میں برداشت نہیں کیا جائے گا، یہ نئے ہندوستان کا عہد ہے۔ ہم نے حال ہی میں 80 ماہی گیروں کو بچایا ہے، یہ ہماری ہندوستانی بحریہ کا مقصد اور اس کی طاقت ہے۔ ہماری بڑھتی ہوئی طاقت کا مقصد بحر ہند اور ہند پیسیفک خطہ میں غیر قانونی اور غیر منظم ماہی گیری کو روکنا ہے۔ ہندوستانی بحریہ کی بڑھتی ہوئی طاقت اس خطہ میں منشیات اور انسانی اسمگلنگ کو بھی روک رہی ہے۔