جموں/مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بدھ کے روز راجوری کا دورہ کیا اوروہاں پر مارے گئے تین عام شہریوں کے رشتہ داروں سے ملاقات کی۔اس موقع پر وزیر دفاع نے متاثرین کو یقین دلایاکہ اس معاملے میں انصاف کے تقاضے ضرور پورے کئے جائیں گے۔اطلاعات کے مطابق مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ بدھ کے روز گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری پہنچے اور وہاں پر پوچھ تاچھ کے دوران زخمی ہوئے افراد سے ملاقات کی۔زخمیوں کی عیادت کے بعد جی ایم سی راجوری کے باہر وزیر دفاع نے متاثرین کے گھر والوں کو یقین دلایا کہ معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات شروع کی گئی ہے اورملوثین کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر دفاع نے ڈاک بنگلہ راجوری میں زیر حراست مارے گئے تین افراد کے متاثرین سے بھی ملاقات کی۔انہوں نے وہاں پر موجود اہل خانہ کو یقین دلایا کہ اس معاملے میں انصاف ضرور ہوگا۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر دفاع نے متاثرین کو بتایا کہ معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات شروع کی گئی ہے تاکہ انصاف کے فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔معلوم ہوا ہے کہ وزیر دفاع نے راجوری میں فوج کے سینئر آفیسران کے ساتھ ایک میٹنگ بھی کی جس دوران راجوری اور پونچھ اضلاع کی سیکورٹی صورتحال کے بارے میں راج ناتھ سنگھ کو جانکاری فراہم کی گئی۔بتادیں کہ بفلیاز پونچھ میں دو فوجی گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کرنے کے بعد تین عام شہریوں کی پر اسرار حالت میں موت واقع ہوئی۔لواحقین نے الزام لگایا ہے کہ حملے کے بعدفوج نے کئی افرادکو پوچھ تاچھ کی خاطر گرفتار کیا جن میں سے بعدازاں تین افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔فوج نے اس معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرنے کے احکامات صادر کئے اور وہاں پر تعینات بریگیڈیر سمیت تین آفیسروں کو اٹیچ کیا۔