سیکرٹری صحت کاراجوری دورہ اہم طبی سہولیات کا اِفتتاح کیا

اْڑان نیوز
راجوری// سیکرٹری صحت و طبی تعلیم بھوپندر کمار نے کل راجوری ضلع دورے کے دوران اہم طبی سہولیات کا اِفتتاح کیا۔ اْنہوں نے مریضوں کی نگہداشت کی خدمات کا بھی جامع جائزہ لیا۔ اِس دورے کا بنیادی مقصد ضلع کے اندر صحت خدمات کے بنیادی ڈھانچے کو تقویت بنانا تھا جس میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بلند کرنے پر گہری توجہ دی گئی تھی۔دورے کے دوران جن سہولیات کا اِفتتاح کیا گیا ان میں سے ایک جی ایم سی اور اے ایچ راجوری میں بلڈ کمپونٹ سینٹر تھا جس کا مقصد ادارے کے اندر خون کی منتقلی کی خدمات کو مضبوط بنانا تھا۔ سیکرٹری موصوف نے کمیونٹی کی شمولیت کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے چیف میڈیکل آفیسر کو ہدایت دی کہ وہ ضلع بھر میں رضاکارانہ طور پر خون کے عطیات کو فعال طور پر فروغ دیں۔ اِس کے علاوہ تھیلیسیمیا کیئر سینٹر کا اِفتتاح کیا گیا جس سے تھیلیسیمیا کی دیکھ دیکھ میں اضافہ ہوا اور راشٹریہ بال سواستھی پروگرام کے تحت ڈسٹرکٹ ارلی اِنٹرونشن سینٹر کا آغاز کیا گیا۔بھوپندر کمار نے فیکلٹی ممبران کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت بھی کی جس میں مریضوں کی نگہداشت کی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس مصروفیت کے دوران عملے نے انہیں ان چیلنجوں سے آگاہ کیا جن کا وہ سامنا کر رہے ہیں اور یقین دہانی کی کہ مریضوں کو اعلیٰ معیار کی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ان کے خدشات کو فوری طور پر دور کیا جائے گا۔سیکرٹری موصوف نے عملے کی لگن کی سراہنا کی اور ان پر اپنے فرائض کی انجام دہی میں احتساب کی اہمیت پر زور دیا۔ اْنہوں نے مریضوں کی نگہداشت کی خدمات کو مزید بہتر بنانے کی حوصلہ افزائی کی اور عوام کی توقعات کو پورا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اس کے بعد بھوپندر کمار نے گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری کا ایک تفصیلی دورہ کیا اور محکمہ کو عمارت پر زیر اِلتوأ کام میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔ اِس دورے کے دوران اْنہوں نے عملے کے ساتھ اِستفساری گفتگو کی اور عملے نے سیکرٹری کوادارے کے آپریشنل پہلوؤں کے بارے میں قیمتی معلومات فراہم کی۔اِس موقعہ پر پرنسپل جی ایم سی راجوری ڈاکٹر امر جیت سنگھ، سی پی او محمد خورشید، ایم ایس ڈی ایچ ڈاکٹر محمود بجاڑ، سی ایم او ڈاکٹر راجندر شرما اور دیگر افسران موجود تھے۔