اکھنور:ڈرون سے گرایا گیا اسلحہ وگولہ بارود اور نقدی ضبط :پولیس

جموں//جموں وکشمیر کے سرحدی ضلع اکھنور میں سیکورٹی فورسز نے اتوار کی صبح ڈرون سے گرائے گئے اسلحہ وگولہ بارود اور نقدی کو برآمد کرکے ضبط کیا ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ جموں کے اکھنور سیکٹر میں سیکورٹی فورسز نے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود اور نقدی برآمد کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ فورسز نے بین الاقوامی سرحد کے اکھنور سیکٹر میں ہتھیاروں کی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنا یا۔ان کے مطابق سیکورٹی فورسز نے چھ دیسی ساخت کی آئی ای ڈی ، دستی بم ، پستول اور نقدی برآمد کی ہے۔دریں اثنا بی ایس ایف ذرائع نے بتایا کہ اتوار کی صبح سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی جانب سے ہتھیاروں کی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ڈرون سے گرائے گئے ہتھیار اور نقدی کو برآمد کرکے ضبط کیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے اکھنور سیکٹر کے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔یو این آئی