بارہمولہ میں منشیات فروش گرفتار، نشہ آور مواد بر آمد:پولیس

سری نگر//معاشرے سے منشیات کی وبا کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ایک اور منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے نشہ آور مواد بر آمد کیا۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن پٹن کی ایک پارٹی نے ایس ایچ او کی سربراہی میں شر پورہ پٹن میں ایک ناکہ چیکنگ کے دوران ایک شخص جو اپنے کاندھے پر ایک بیگ اٹھائے ہوئے تھا، کو روکا۔انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے 12 کلو بھنگ پتری جیسا مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کو گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن پٹن میں بند رکھا گیا۔بیان میں گرفتار شدہ کی شناخت غلام محی الدین گنائی ولد مرحوم عبدالرحیم ساکن شر پورہ پٹن کے بطور ہوئی ہے۔پولیس نے اس ضمن میں پولیس اسٹیشن پٹن میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔قابل ذکر ہے کہ منشیات کی وبا کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے بارہمولہ پولیس نے سال رواں کے پہلے 10 مہینوں کے دوران 242 مقدمے درج کرکے 425 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے جبکہ منشیات کے کاروبار سے حاصل کی گئی کروڑوں روپیے مالیت کی جائیدادوں کو ضبط بھی کیا ہے۔