پلوامہ انکائونٹر: لشکر طیبہ سے وابستہ مقامی جنگجو جاں بحق، اسلہ و گولہ بارود بر آمد:پولیس

سری نگر//جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے آری ہل علاقے میں جمعرات کی رات سیکورٹی فورسز اور جنگجوئوں کے درمیان شروع ہونے والا انکائونٹر لشکر طیبہ سے وابستہ ایک مقامی جنگجو کے جاں بحق ہونے پر اختتام پذیر ہوا۔مہلوک جنگجو کی شناخت کفایت ایوب الائی ولد محمد ایوب الائی ساکن پنجورہ شوپیاں کے بطور کی گئی ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی موجودگی کے متعلق مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر پلوامہ پولیس، فوج کی 44 آر آر اور سی آر پی ایف کی 182 بٹالین کی مشترکہ ٹیم نے پلوامہ کے آری ہل علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔انہوں نے کہا کہ تلاشی آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز کی ایک ٹیم جب مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو ویاں چھپے دہشت گرد نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔ان کا کہنا تھا: ‘تصادم آرائی کے دوران کفایت ایوب الائی ولد محمد ایوب الائی ساکن پنجورہ شوپیاں نامی دہشت گرد کو مارا گیا جو کالعدم جنگجو تنظیم لشکر طیبہ سے وابستہ تھا اور جائے انکائونٹر سے اس کی لاش بھی بر آمد کی گئی’۔پولیس بیان میں کہا گیا: ‘پولیس ریکارڈ کے مطابق مہلوک دہشت گردی سے متعلق کئی جرائم میں ملوث تھا اور اس کے خلاف پولیس اسٹیشن شوپیاں میں کئی مقدمے درج ہیں’۔بیان کے مطابق جائے انکائونٹر سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد بر آمد کیا گیا جس میں ایک پستول، 2 میگزین، 5 آر ڈی ایس اور 2 گرینیڈ شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔