جے بی سنگھ
پونچھ//خطہ پیر پنجال کو وادی کشمیر کے ساتھ جوڑنے والی سب سے مختصر سڑک، مغل شاہرہ ہر سال برف باری کے سبب بند ہو جاتی ہے، جس کو انتظامیہ بھرپور کوشش کرکے کھلا رکھنے کی کوشش کرتی ہے مگر بالآخر یہ کچھ عرصہ کیلئے بند ہو ہی جاتی ہے۔ رواں سال بھی حالیہ برف باری اور بارش کی وجہ سے مغل شاہرہ گاڑیوں کی آمد و رفت کیلئے متاثر ہو گئی۔ اس حوالہ سے اسسٹنٹ ایکزیکٹیو انجنئیر مکینکل ونگ طارق محمود نے ہمارے نمائندے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوسرے روز بھی عملہ کی طرف سے برف اٹھانے کا سلسلہ جاری رہا تاہم شام کو شکر وار کی شام کو بارش ہونے کی وجہ سے پھر سے برفباری ہوئی جس وجہ سے سڑک پھر متاثر ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ دو تین کلو میٹر علاقہ میں اولانچز کی وجہ سے سڑک مکمل طریقہ سے گاڑیوں نے آمد و رفت کیلئے بحال نہ ہو سکی تاہم کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ کی طرف سے ہری جھنڈی دکھائے جانے کے بغیر اس سڑک پر سفر کرنے سے پرہیز کریں۔