سری نگر//شمالی ضلع بارہ مولہ اور شوپیاں میں میں سیکورٹی فورسز نے لشکر طیبہ (ٹی آر ایف)اور انصار الغزوتہ الہند سے وابستہ چار ملی ٹینٹ معاونین کو اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد سمیت دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ 25نومبر کو بارہ مولہ پولیس ، 13سکھ رجمنٹ اور 185بٹالین بی ایس ایف نے مشترکہ طورپر کالگائی کے نزدیک ناکہ لگایا جس دوران دو افراد جن کی شناخت ضمیر احمد کھانڈے ولد عظیم کھانڑے ساکن مدیان کملاکوٹ اور محمد نسیم کھانڈے ولد عبدالمجید کھانڈے ساکن مدیان کملاکوٹ کے بطورہوئی کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔انہوں نے بتایا کہ تلاشی کے دوران گرفتار شدگان کے قبضے سے تین چینی ساخت کے گرینیڈ اور نقدی 2.5لاکھ روپیہ برآمد کئے گئے۔موصوف ترجمان کے مطابق دوران پوچھ گچھ گرفتار شدگان نے بتایا کہ منظور احمد بھٹی ولد کرم الدین بھٹی ساکن مدیان کملاکوٹ نے انہیں گرینیڈ اور نقدی فراہم کئے تھے تاکہ تخریبی سرگرمیوں کو انجام دیا جاسکے۔پولیس نے منظور احمد بھٹی نامی نوجوان کی گرفتاری عمل میں لا ئی اور دوران تفتیش اعتراف کیا کہ اس نے ہی گرینیڈ اور نقدی دو مقامی نوجوانوں کو فراہم کئے تھے۔پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ منظور احمد بھٹی کی نشاندہی پر اس کے رہائشی مکان کے نزدیک چھپے گئے گرینیڈ اور 2.17لاکھ روپیہ برآمد کرکے ضبط کئے گئے۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔ادھرجموں وکشمیر کے پہاڑی ضلع شوپیاں میں سیکورٹی فورسز نے ’اے جی ایچ ‘نامی کالعدم تنظیم سے وابستہ ملی ٹینٹ معاون کو پستول سمیت گرفتارکیا ہے۔پولیس کے ایک ترجمان نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ 44آر آر،14بٹالین سی آرپی ایف اور پولیس نے ہابڈی پورہ کراسنگ کے نزدیک ملی ٹینٹ معاون کو دھر دبوچ کر اسکے قبضے سے قابل اعتراض مواد اور پستول برآمد کرکے ضبط کیا۔پولیس نے اس ضمن میں یو اے پی اے ایکٹ کے تحت کیس درج کرکے تحقیقا ت شروع کی۔