آئی جی پی کشمیر کی صدارت میں ضلع پولیس آفس سرینگر میں میٹنگ سیکورٹی صورتحال کا لیا جائزہ

پرامن ماحول کو یقینی بنانے کیلئے چوکس اور فعال رہنے کی ہدایت
اُڑان نیوز

سری نگر// انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی ) کشمیر وی کے بردی نے اتوار کے روز یہاں ضلع پولیس دفتر سری نگر میں ایک میٹنگ کے دوران سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔انہوں نے اس دوران افسروں پر ضلع میں قیام امن کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں سیکورٹی منظر نامے کے مزید استحکام کو یقینی بنانے کے لئے آئی جی پی کشمیر وی کے بردی نے یہاں ضلع پولیس دفتر سری نگر میں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران سیکورٹی صورتحال کا جامع جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ میٹنگ کے دوران ضلع کے سیکورٹی منظر نامے کے حوالے مختلف امور زیر بحث آئے۔ان کا کہنا تھا کہ موصوف آئی جی پی نے ضلع کو درپیش موجودہ سیکورٹی خطرات و چیلنجزکی تشخیص پر زور دیا۔پولیس بیان کے مطابق مسٹر بردی نے افسروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دی کہ وہ کسی بھی سیکورٹی واقعے سے نمٹنے کے لئے فوری کارروائیوں کو یقینی بنائیں۔پولیس بیان میں کہا گیا: ‘آئی جی پی نے مجموعی سیکورٹی صورتحال کے استحکام کے لئے مختلف قابون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مضبوط تعاون ہونے پر زور دیا’۔انہوں نے کہا کہ موصوف آئی جی پی نے سیکورٹی ایجنسیوں اور عوام کے درمیان تعاون اور اعتماد کی بنیادوں پر مثبت تعلقات بنانے پر زور دیا’۔بیان کے مطابق انہوں نے انٹلی جنس شیئرنگ میکانزم کو مضوط بنانے پر زور دیا۔پولیس ترجمان نے کہا: ‘مسٹر بردی نے افسروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے زور دیا کہ تمام اہم ایسٹیبلشمنٹز اور مقامات کی سیکورٹی نگرانی کو بڑھانا انتہائی اہمیت کا حامل ہے علاوہ ازیں ان اشخاص جن پر حملہ کرنا آسان ہے، کا خاص خیال رکھنا بھی ضروری ہے تاکہ سری نگر میں دہشت گردوں کے مذموم ارادوں کو ناکام بنایا جا سکے’۔انہوں نے کہا کہ آئی جی پی نے میٹنگ کے دوران سری نگر میں پر امن ماحول کو یقینی بنانے کی بھی تاکید کی۔بیان کے مطابق انہوں نے زونل ایس ایس پیز سے قوم دشمن اور سماج دشمن عناصر پر کڑی نگاہ رکھنے کی بھی تاکید کی۔بیان میں کہا گیا: ‘موصوف آئی جی پی نے افسروں پر دہشت گردوں کے معاونین پر کٹی نظر رکھنے اور تحت قانون تمام اقدام کرنے پر زور دیا’۔اس میٹنگ میں ڈی آئی جی سجیت کمار، ایس ایس پی سری نگر آشیش کمار مشرا و دیگر اعلیٰ پولیس عہدیداروں نے شرکت کی۔