بدترین بجلی بحران سے لوگ پریشان حال: ڈاکٹر فاروق عبداللہ

سری نگر// جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس جموں وکشمیر کے عوام کو درپیش مسائل و مشکلات سے باخبر ہے اور ہماری جماعت ہر سطح پر عوامی مسائل اْجاگر کرنے اور ان کا سدباب کرانے کے اپنے فرائض کو بخوبی انجام دینے کی از حد کوشش کرتی رہتی ہے۔ ان باتوں کا اظہار ڈاکٹر فاروق نے پارٹی ہیڈکوارٹر پر سینئر پارٹی لیڈران اور عہدیداران کیساتھ تبادلہ خیالات کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے لیڈران کی طرف سے اْجاگر کئے گئے مسائل ومشکلات سْنے اور ان کا سدباب کرانے کیلئے متعلقہ حکام کے ساتھ معاملات اْٹھائے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ اس وقت عوام سخت ترین بجلی بحران سے پریشانِ حال ہیں اور کئی گنا اضافی فیس ادا کرنے کے باوجو دبھی صارفین کو معقول اور مناسب بجلی فراہم نہیں ہورہی ہے۔ بجلی کے بدترین بحران سے نہ صرف عوام زندگی متاثر ہوئی ہے بلکہ چھوٹے کارخانے اور اْن دکاندار حضرات کا کاروبارٹھپ ہوکررہ گیاہے جن کے کام انحصار بجلی پر ہوتا ہے۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ بجلی بحران سے نمٹنے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے اور لوگوں کو راحت پہنچائی جائے۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس عوامی مسائل و مشکلات سے بخوبی واقف ہے اور ہم اس بات سے بھی باخبر ہیں کہ موجودہ دور میں عوام کا جینا کیسے دوبھر ہو گیاہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس سے وابستہ ہر ایک فرد کی ہمیشہ یہی کوشش رہتی ہے کہ کسی طرح سے لوگوں کو راحت پہنچائی جائے اور ہمارے لیڈران ہر وقت عوام مسائل و مشکلات اْجاگر کرنے اور ان کا سدباب کرانے میں مصروف رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ریاستی عوام کی ترجمان جماعت ہے اور ہماری جماعت نے ہمیشہ لوگوں کو ہی طاقت کا سرچشمہ مانا ہے۔یو این آئی