کشمیر میں شبانہ سردی میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، صبح اور شام کے وقت دھند کا راج

سری نگر// وادی کشمیر میں گرچہ موسم خشک ہے تاہم شبانہ درجہ حرارت میں بتدریج گراوٹ درج ہو رہی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 23اور 24نومبر کو کمزور مغربی ہوائیں وارد وادی ہو سکتی ہیں جس کے نتیجے میں اوپری پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس دوران وادی میں صبح اور شام کے وقت دھند رہ سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 1.6ڈگری سینٹی گرڈ درج کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 0.0ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درہ حرارت 1.8ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ پہلگام میں منفی 2.0،کپواڑہ میں 1.2، کوکر ناگ میں 1.8اور گلمرگ میں 1.0ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیا۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے ایک ہفتے کے دوران موسم وسیع پیمانے پر خراب ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں 19 نومبر سے 26 نومبر موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران 19 اور 25 نومبر کو مطلع ابر آلود رہ سکتا ہے۔سردی میں اضافے کے پیش نظر ڈاکٹروں نے عمر رسیدہ افراد اور بچوں کو صبح اور شام کے وقت گھروں سے باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا ہے تاکہ وہ زکام، کھانسی وغیرہ جیسی بیماریوں سے بچ سکیں۔وادی خاص کر دیہی علاقوں میں سردی سے بچنے کے لئے سر شام ہی گھروں میں بیٹھ جاتے ہیں وہیں لوگ گھروں کے علاوہ دکانوں، دفتروں اور کام کی دیگر جگہوں پر گرمی کے لئے موثر انتظامات کر رہے ہیں۔