ڈل جھیل میں آگ کی ہولناک واردات 3بنگلہ دیشی سیاح جھلس گئے

SRINAGAR, NOV 11 (UNI):- Several houseboats were gutted in a massive blaze at world famous Dal Lake in Srinagar on Saturday.UNI PHOTO-15U

آٹھ کو زندہ بچالیاگیا،5ہاوس بوٹ ، دس رہائشی ڈھانچے خاکستر ،متاثرین کو عبوری راحت فراہم
اُڑان نیوزنیٹ ورک
سرینگر//سری نگر کے شہرہ آفاق جھیل ڈل میں ہفتے کی علی الصبح آگ کی ایک واردات میں پانچ ہاوس بوٹ اور ایک درجن کے قریب رہائشی ڈھانچے خاکستر ہو گئے جبکہ جائے واردات سے تین بنگلہ دیشی سیاحوں کی لاشیں برآمد کی گئیں۔پولیس ، ایس ڈی آر ایف ، ٹوریسٹ پولیس ، فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگوں نے کمال جرائت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آٹھ سیاحوں کو زندہ صحیح سلامت نکالنے میں کامیابی حاصل کی۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جھیل ڈل میں گھاٹ نمبر 9کے نزدیک ہفتے کی علی الصبح ہاوس بوٹ میں آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے متصل واقع مزید ہاوس بوٹوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔انہوں نے بتایا کہ آگ کی اس بھیانک واردات میں سفینہ ، سبرینہ ، ینگ گلشن ، لالہ رخ اورکھار پیلس نامی پانچ ہاوس بوٹ اور سات رہائشی ڈھانچے خاکستر ہوئے۔موصوف ترجمان کے مطابق سفینہ نامی ہاوس بوٹ میں قیام پذیر تین بنگلہ دیشی سیاح جاں بحق ہوئے ہیں۔متوفین کی شناخت آنندیا کوشل ، داس گھپتا اور محمد منید کے بطور ہوئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ سری نگر پولیس ، ایس ڈی آر ایف ، ٹوریسٹ پولیس ، فائر اینڈ ایمرجنسی عملے اور مقامی لوگوں نے آٹھ سیاحوں کو وقت رہتے محفوظ جگہ منتقل کیا۔دریں اثنا پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر پولیس اسٹیشن رام منشی باغ میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔ضلع مجسٹریٹ سرینگر محمد اعجاز اسد نے کہا کہ سری نگر کے جھیل ڈل میں ہفتے کی صبح ہاوس بوٹوں میں لگی آگ کے دوران کئی سیاحوں کو نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ متاثرین کو معاوضہ دیا جائے گا اور سردی کے پیش نظر ان کو ضروری سامان فراہم کیا جائے گا۔ضلع مجسٹریٹ سری نگر نے جائے واردات کا دورہ کرنے کے دوران نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ آگ کی ایک ہولناک واردات میں 5 ہاوس بوٹ خاکستر ہوئے اور ان کے متصل رہائشی ڈھانچوں کو بھی نقصان پہنچا ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی ایس ڈی آر ایف، پولیس اور فائر ٹنڈرس نے مل کر آگ کو قابو میں کر لیا اور اس کو مزید پھیلنے سے روک لیا۔موصوف ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ متاثرین کو معاوضہ دیا جائے گا اور سردی کے پیش نظر ان کو ضروری سامان بھی فراہم کیا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جھیل ڈل میں سیوریج کے نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے جس کے لئے کئی پروجیکٹوں پر کام چل رہا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سری نگر کی ڈل جھیل میں آگ لگنے کے افسوسناک واقعہ میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) سری نگر، محمد اعزاز اسد نے ہفتہ کی صبح ڈل جھیل میں ابیکارپورہ میں گھاٹ نمبر 09 کے بالمقابل آگ لگنے کے ایک واقعہ کے بعد ڈل جھیل کا دورہ کیا جس میں گھریلو کشتیاں اور رہائشی ڈھانچے آگ میں جل کر خاکستر ہو گئے۔ڈی سی نے متعلقہ حکام کو نقصانات کا تخمینہ لگانے اور نقصانات کے حوالے سے جامع رپورٹ بنانے کی بھی ہدایت کی۔ ضلع انتظامیہ سرینگر نے متاثرہ 8 خاندانوں کو 80 کمبل، 40 گدے، 40 بستروں کی چادروں اور 8 کچن سیٹوں کی صورت میں فوری امداد فراہم کی، اس کے علاوہ تمام 8 متاثرہ خاندانوں کو 160000 روپے عبوری ریلیف کے طور پر ہر ایک کو 19000 روپے دیے گئے۔دریں اثنا، ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں جبکہ الیکٹرک/الیکٹرانک آلات، ایل پی جی سلنڈرز اور دیگر آلات کو گرم کرنے اور کھانا پکانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ بالخصوص آنے والے سردیوں کے موسم میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے ہاؤس بوٹ کے مالکان سے بھی اپیل کی کہ وہ آگ بجھانے کے آلات نصب کریں تاکہ آگ لگنے کے واقعات کی صورت میں جنگلات کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ تنویر صادق نے جھیل ڈل میں ہولناک آگ کی واردات میں 5ہاوس بوٹوں کے خاکستر ہونے پر گہرے صدمے کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے متاثرین کیساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس غم کی اس گھڑی میں برابر شریک ہے۔انہوں نے کہا کہ متاثرین نے اس ہولناک آگ کی واردات میں اپنا سب کچھ کھو دیاہے اور حکومت پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ متاثرین کی فوری بازآبادکاری کے علاوہ عارضی قیام و طعاوم کا بندوبست بھی کیا جائے۔ تنویر صاد ق حکومت پر زور دیا کہ متاثرین کو معقول اور مناسب امداد کے علاوہ کم شرحوں پر قرضے فراہم کئے جائیں۔