دفعہ 370کی منسوخی ہو یا رام مندر کی تعمیر بی جے پی نے جو بھی کہا وہ کر کے دکھایا:امت شاہ

یو این آئی
منور// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کل کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) قبائلیوں کی حقیقی خیر خواہ ہے اور اس نے قبائلیوں کے مفاد میں کئی اہم کام کیے ہیں۔سینئر لیڈر مسٹر شاہ نے مدھیہ پردیش کے مغربی حصے میں واقع دھار ضلع کے مناور میں ایک انتخابی میٹنگ سے خطاب کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کئی دہائیوں تک اقتدار میں رہنے والی کانگریس نے قبائلیوں کو صرف ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا اور ان کے مفاد میں کوئی قدم نہیں اٹھایا۔ مرکز کی نریندر مودی حکومت نے پچھلے نو برسوں کے دوران قبائلیوں کے مفاد میں بہت کچھ کیا ہے۔ یہاں تک کہ بی جے پی نے اس طبقے سے آنے والی خاتون کے صدر جمہوریہ بننے کی راہ ہموار کی۔اس موقع پر مسٹر شاہ نے قبائلی لیڈر برسا منڈا کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت نے 15 نومبر کو برسا منڈا کے یوم پیدائش کو یوم فخر کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس دن پورے ملک میں بڑے پیمانے پر تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ مرکز اور ریاست کی بی جے پی حکومت کی طرف سے قبائلیوں کے مفاد میں اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بھی بتایا۔مسٹر شاہ نے ملک کی داخلی سلامتی، بیرونی سلامتی اور دیگر مسائل کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ مرکز میں برسراقتدار نریندر مودی حکومت نے اپنے نو برسوں کے دوران ان تمام محاذوں پر مضبوط قدم اٹھائے ہیں۔ بی جے پی نے جو بھی کہا، وہ کر دکھایا ہے۔ چاہے وہ آرٹیکل 370 کا مسئلہ ہو یا اجودھیا میں رام مندر کی تعمیر کا مسئلہ۔مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ سبھی جانتے ہیں کہ بیس سال پہلے کانگریس کے دور حکومت میں مدھیہ پردیش میں کیا صورتحال تھی۔ اس وقت سڑک، بجلی اور پانی جیسی سہولتیں نہیں تھیں۔ لیکن 20 برسوں میں بی جے پی اس ریاست کو ترقی یافتہ ریاستوں کے زمرے میں لے آئی۔ اب بی جے پی اس ریاست کو مزید ترقی یافتہ بنائے گی۔مدھیہ پردیش کانگریس کے دو سینئر لیڈر کمل ناتھ اور دگ وجئے سنگھ کے علاوہ انہوں نے کانگریس کی مرکزی قیادت کو بھی نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ لیڈر اپنے بچوں کو سیاست میں قائم کرنے کی فکر میں ہیں۔ یہ لوگ ریاست کے لوگوں کو کیسے فائدہ پہنچا سکیں گے؟