بیک ٹو ولیج پروگرام اور پنشنروں کی کانفرنس میں منوج سنہا کی شرکت

عوام کی شرکت دیہی خوشحالی کی بنیاد
سماجی بہبود کے اقدامات نے ترقیاتی عدم توازن کو دور کیا،ہمارا مقصد ہر شہری کیلئے معیارِ زندگی اورسماجی تحفظ یقینی بنانا :لیفٹیننٹ گورنر
اُڑان نیوز
جموں// عوام کی شرکت دیہی خوشحالی کی بنیاد ہے ،جموں و کشمیر اِنتظامیہ کا بیک ٹو وِلیج کا اقدام ترقیاتی اور فلاحی سکیموں کی کامیابی کو حل کرنے اور وِلیج کمیونٹیوں کو مرکزی اور یو ٹی سکیموں کے فوائد حاصل کرنے کو یقینی بنانے کیلئے تشکیل دیا گیا ہے ۔جموں و کشمیر انتظامیہ نے کمزور طبقوں کو سب سے زیادہ ترجیح دی ہے دیہی اور دور دراز علاقوں میں انقلاب لانے کیلئے بے مثال وسائل فراہم کئے ہیں ۔ان باتوں کا اظہار لیفٹیننٹ گور منوج سنہا نے کل چٹھا فارم ، ستواری جموں میں بیک ٹو وِلیج کے پانچویں مرحلے کی مناسبت سے منعقدہ پروگرام میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے یو ٹی اِنتظامیہ کی شراکت پر مبنی اور عوام پر مبنی حکمرانی قائم کرنے اور جامع ترقی کیلئے ایک قابل ماحول بنانے کی کوششوں کا اِشتراک کیا اور کہاکہ گذشتہ چند برسوں میں پروگراموں کے بروقت نفاذ اور نگرانی نے دیہات کو ہمہ گیر ترقی کے منفرد مواقع کو یقینی بنایا ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ معاشرے کے مختلف طبقات کو دہائیوں کو امتیازی سلوک اور استحصال سے آزاد کیاگیا ہے اور ترقی سے فائدہ اٹھانے کے مواقع فراہم کئے گئے ہیں ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کا راستہ اس کے دیہاتوں اور دور دراز علاقوں سے گذرتا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ بہتر بنیادی ڈھانچہ ، سہولیات ، عوامی خدمات ، نوجوانوں اور خواتین کیلئے ہنر اور مواقع ، زراعت اور اس سے منسلک شعبے کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کو یقینی بنانا ہمارا عزم ہے ۔ انہوں نے دیہی علاقوں کے تمام شہریوں پر زور دیا کہ وہ خواندگی کی شرح کو بہتر بنانے ، پنچائتوں سے غذائی قلت اور ٹی بی کے خاتمے میں اپنا حصہ ڈالیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر گاؤں کو کو خود انحصار بننے اور جموں و کشمیر کی پائیدار ترقی کی قیادت کرنی چاہئیے ۔ پی آر آئی کے نمائندوں نے ترقی کو نچلی سطح تک لے جانے کے لئے لیفٹیننٹ گورنر کی زیر قیادت یو ٹی اِنتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مختلف سرکاری محکموں کی طرف سے لگائے گئے مختلف سٹالوں کا بھی دورہ کیا جس میں حکومت کے مختلف اَقدامات اور فلاحی پروگراموں کو اُجاگر کیا گیا تھا ۔ اِس موقعہ پر چیئر مین ضلع ترقیاتی کونسل جموں بھارت بھوشن ،صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار ،ضلع ترقیاتی کمشنر جموں، سینئر افسران ، پی آر آئی ممبران اوربڑی تعداد میں لوگ موجود تھے ۔ دریں اثناء لیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہانے کل جموں میں پنشنرز کانفرنس میں پنشنروںسے بات چیت کی۔ اَپنے خطاب میں موصوف نے ضلع اِنتظامیہ جموں کو اِنٹگریٹیڈ سوشل سیکورٹی سکیم (آئی ایس ایس ایس) میںکامیابی حاصل کرنے اور بڑھاپے، بیوہ اور دیویانگ زُمرے کے 63,919 مستفیدین تک پہنچنے کے لئے مسلسل مہم چلانے پر مُبارک باد دی۔اُنہوں نے کہا،’’ہمارا مقصد سب کے لئے سماجی تحفظ اور ہر شہری کے لئے بہتر معیارِ زندگی کو یقینی بنانا ہے۔ سماج کے ہر طبقے کو بغیر کسی اِمتیاز کے مرکزی اور یو ٹی سکیموں کے فوائد مل رہے ہیں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے عام آدمی کو بااِختیار بنانے اورمعاشرے کے محروم طبقوں کو ترقی کے مرکزی دھارے میں لانے کے لئے جموں و کشمیر اِنتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے کہا کہ ہم سب کے لئے ترقی، خوشحالی اور معیاری زندگی کے مقصد کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اِنتظامیہ نے غریبوں، پسماندہ اور کمزوروں کے لئے مزید حقوق اور وسائل کو یقینی بنایا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے پنشنرز سمیلن میں حکومت کے سماجی بہبود کے مختلف اَقدامات کا اِشتراک کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں اِن اَقدامات سے جموں کشمیر میں ترقیاتی عدم توازن کو دور کیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اِنتظامیہ نے غریبوں اور محروموں کے مفاد میں بلا خوف و خطر تمام فیصلے کئے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ متعدد سکیموں کی تکمیل پروگراموں کے مناسب اَنجام دہی کے متاثر کن مظہر کو نمایاں کرتی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے عوامی نمائندوں، اَفسروں اور سول سوسائٹی کے اَرکان سے اِجتماعی کوششوں پر زور دیا تاکہ تمام اہل اِستفادہ کنندگان کو سماجی تحفظ کی سکیموں سے مربوط کیا جاسکے اور اِن کی زندگی میں بامعنی تبدیلی لائی جاسکے۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے مستحقین کو سکوٹی، منظوری نامے اور دیگر مراعات حوالے کئے ۔اِستفادہ کنندگان نے اَپنے تجربات کا بھی اِشتراک کیا اور مختلف سماجی بہبود ی سکیموں کے تحت فوائد کی بغیر کسی رُکاوٹ توسیع کے لئے اِنتظامیہ کا شکریہ اَدا کیا۔اِس موقعہ پر چیئرمین ضلع ترقیاتی کونسل جموںبھارت بھوشن،میئر جموں میونسپل کارپوریشن راجندر شرما،صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار،آئی جی پی جموں آنند جین،ضلع ترقیاتی کمشنر جموں سچن کمار واشیا، سینئر اَفسران اور مستحقین موجود تھے۔