بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی فوج کی فائرنگ بی ایس ایف جوان ہلاک، منوج سنہا کا خراج

سانبہ //جموں وکشمیر کے ضلع سانبہ کے رام گڑھ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں بی ایس ایف کا ایک ہیڈ کانسٹیبل جاں بحق ہوا۔بی ایس ایف کے ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرکے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سانبہ کے رام گڑھ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کا وہاں تعینات جوانوں نے بھر پور جواب دیا۔انہوں نے کہا کہ فائرنگ کے نتیجے میں بی ایس ایف کا ایک جوان شدید زخمی ہوا جس کو علاج و معالجے کے لئے فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج اور ہسپتال جموں منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا۔متوفی جوان کی شناخت لال فم کما کے بطور کی گئی جو آزوال میزورم کا رہائشی تھا۔ قبل ازیں پاکستانی فوج نے 18 اور 26 اکتوبر کو ارینہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں بی ایس ایف کے دو جوان زخمی ہوئے تھے۔فریقین کے درمیان 25 فروری 2021 کو جنگ بندی معاہدے پر دستخط کے بعد یہ مجموعی طور پر اس معاہدے کی چھٹی خلاف ورزی ہے۔قابل ذکر ہے کہ 25 فروری 2021 کو بھارت اور پاکستان کے ڈی جی ایم اوز کی جانب سے سرحدوں اور کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدے کی پاسداری پر دستخط ہوئے تھے جس کے بعد جموں کشمیر کے سرحدی علاقوں میں رہائش پزیر عوام نے راحت کی سانس لی تھی۔قبل ازیں دونوں مملک کے درمیان سال 2003 میں جموں وکشمیر کے سرحدوں پر جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا تھا۔جموں وکشمیر کے سرحدوں پر طرفین کے درمیان گولہ باری کے تبادلے کے نتیجے میں دو نوں طرف بے تحاشا جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو پاکستانی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں رام سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر جاں بحق ہونے والے بی ایس ایف جوان کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک کے لئے اپنی جان نچھاور کرنے والے اس جوان کی قربانی کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔بتادیں کہ بی ایس ایف ترجمان کے مطابق جموں وکشمیر کے ضلع سانبہ کے رام گڑھ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب پاکستانی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں بی ایس ایف کا ایک ہیڈ کانسٹیبل جاں بحق ہوا۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘جموں سرحد پر اپنے ملک کی حفاظت کے دوران شہید ہونے والے بارڈر سیکورٹی فورس کے بہادر جوان لال فام کما کو خراج عقیدت پیش کیا’۔انہوں نے مزید کہا: ‘ان کی بہادری اور عظیم قربانی کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جائے گا’۔