سردار پٹیل نے اپنی مدبرانہ صلاحیتوں سے ملک کو متحد کیا

2047 ء تک انڈیا کوترقی یافتہ ملک بنانے کے مقصد کے ساتھ عظیم اتحاد سے کام کریں:لیفٹیننٹ گورنر
اُڑان نیوز نیٹ ورک
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے سرینگر میں سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یوم پیدائش کی یاد میں ’’رن فار یونٹی‘‘ کو کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔مختلف عمر کے شہریوں نے اتحاد کے جذبے کو منانے کے لئے دوڑ میں حصہ لیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے بخشی سٹیڈیم اور راج بھون میں جمع ہونے والے لوگوںکو ’’ راشٹریہ ایکتا دیوس‘‘ کا حلف دِلایا اور یونیفائر آف اِنڈیا بھارت رتن سردار ولبھ بھائی پٹیل کو خراج عقیدت پیش کیا۔اُنہوں نے کہا ِ’’ سردار پٹیل نے اپنی مدبرانہ صلاحیتوں، حوصلے اور ہمت سے ملک کو متحد کیا اور اس کی علاقائی سا لمیت اور خودمختاری کا دفاع کیا تاکہ آنے والی نسلیں عزت، اَمن اور خوشحالی کے ساتھ رہ سکیں‘‘۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے کہا کہ جموں و کشمیر یوٹی کے شہریوں کو آج عزم کرنا چاہیے کہ وہ 2047 ء تک اَپنے ملک کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے لئے عظیم اتحاد اور واحد مقصد کے ساتھ کام کریں۔اُنہوں نے کہاکہ آئیے ہم سردار پٹیل کے ذریعہ پھیلائے گئے اَقدار اور ویژن کو دوبارہ بیدار کریں اور معاشرے میں اَمن، ہم آہنگی اور خوشحالی کے لئے کام کریں۔ بخشی سٹیڈیم میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر،لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ بھنڈاری،، اِنتظامی سیکریٹریز،صوبائی کمشنر کشمیر ، سول اور پولیس اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران موجود تھے۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے کل یوٹی یوم تاسیس کے موقعہ پر زیرو برج پر ’’رشوت اور غربت سے پاک مستقبل”‘‘ اور’ ایک بھارت شریشٹھ بھارت ‘کے نظریات پر ایک مصوری مقابلہ میں شرکت کی۔اُنہوں نے مقابلے میں حصہ لینے والے بچوں سے بات چیت کی اور انہیں اپنے تخلیقی فن کے ذریعے سماجی مسائل کو اُجاگر کرنے کی ترغیب دی۔مصوری مقابلے کا اِنعقاد محکمہ سکولی تعلیم نے کیا تھا۔لیفٹیننٹ گورنر نے یوٹی یوم تاسیس کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر مشہور لال چوک میں ’’بدلتا کھلتا جموں کشمیر‘‘کے موضوع پر محکمہ اطلاعات اور تعلقات عامہ کے زیر اہتمام ایک تصویری نمائش کا اِفتتاح کیا۔نمائش میں گزشتہ چاربرسوںمیں جموں و کشمیر کے ترقیاتی سفر پر روشنی ڈالی گئی۔دریں اثناء لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے زیرو برج سے جنرل پوسٹ آفس تک جہلم ریور فرنٹ( دائیں کنارے) کا اِفتتاح کیا۔ریور فرنٹ کو پارکوں کے ساتھ ساتھ پیدل چلنے والوں اور سائیکل چلانے کے راستے کے طور پر اَپ گریڈ کیا گیا ہے اور عوامی پلازوں کو عوامی سہولیات جیسے بیت الخلا ، بیٹھنے کی جگہوں اور لوگوں کے لئے اعلی معیار کی روشنی سے لیس کیا گیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے سری نگر سمارٹ سٹی لمیٹڈ کو جہلم ریور فرنٹ پروجیکٹ کے ذریعے شہر کے ورثے کو ایک الگ شناخت فراہم کرنے پر مُبارک باد دی۔سرینگر سمارٹ سٹی لمیٹڈ ریور فرنٹ کو تاروں سے پاک عوامی جگہ بنانے کے لئے الیکٹرک اور ٹیلی کمیونی کیشن یوٹیلیٹی کیبلوں کو بھی زیر زمین منتقل کر رہا ہے۔اِس سے قبل اس برس مئی کے مہینے میں لیفٹیننٹ گورنر نے جہلم راج باغ ریور فرنٹ کے 6 کلومیٹر طویل حصے کا اِفتتاح کیا تھا جسے عالمی معیار کی عوامی جگہ کے طور پر تیار کیا گیا تھا جس میں واک ویز، سائیکلنگ، گرین سپیس، یونیورسل رسائی اور متعدد سرگرمیاں جیسی سہولیات شامل ہیں۔جہلم ریور فرنٹ شہری علاقوں کا نمونہ بن چکا ہے اور سیاحوں اور مقامی لوگوں کے لئے بھی ایک بڑی کشش کا مرکز بن گیا ہے۔اِس موقعہ پر میئر ایس ایم سی جنید عظیم متو ، صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بِدھوری ، سی اِی او سری نگر سمارٹ سٹی اطہر عامر، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر محمد اعجاز اور سینئر اَفسران موجود تھے۔