اکھنور۔ پونچھ قومی شاہراہ کی تعمیر میں اہم پیش رفت

260میٹر لمبی کنڈی ٹنل کی کھدائی کا کام مکمل
راجوری۔تھنہ منڈی ۔سرنکوٹ سڑک کے تعمیری کام میں جون2024تک توسیع
الطاف حسین جنجوعہ
جموں//اکھنور تک پونچھ قومی شاہراہ(NH144A)کی تعمیرپر مامور تعمیراتی ایجنسی بارڈر روڈ آرگنائزیشن نے جاری پروجیکٹ سمپرک میں اہم کامیابی حاصل کی ہے۔انجینئرنگ کی صلاحیت اور مزدوروں کی انتھک محنت سے 260میٹر کنڈی ٹنل کی کھدائی کا کام مکمل کر لیاگیا۔ اکھنور تک پونچھ پروجیکٹ کو آٹھ حصوں میں تقسیم کیاگیاہے۔ کنڈی ٹنل پہلے حصہ کے تعمیری کام کا حصہ ہے۔ حکام نے بتایاکہ اس ٹنل کا تعمیری کام مارچ 2023میں شروع کیاگیاتھا ، موسلادھار بارش، لینڈ سلائڈنگ اور ناسازگار موسمی حالات کے باوجود اس پر تیزی کے ساتھ کام کیاگیا۔ ٹنل کے آخری سرے کی کھدائی کے موقع پر انجینئروں اور دیگر عملہ میں زبردست جوش دیکھاگیا۔ اس موقع پر چیف انجینئر سمپرک پروجیکٹ بریگیڈئر تیج پال سنگھ بھی موجود تھے۔ انہوں نے بتایاکہ پہلے حصے کا تعمیری کام جون2024تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔ اس ٹنل کی تعمیر سے 2.5کلومیٹر مسافت کم ہوگی۔علاوہ ازیں یہ ٹنل دفاعی افواج کے لئے اسٹریٹیجک رابطہ کو بہتر بنانے اور جموں پونچھ کے درمیان بلاخلل آمدورفت میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے بتایاکہ بارڈر روڈ آرگنائزیشن سبھی ہاتھ میں لئے گئے پروجیکٹوں کی بروقت کامیابی کے ساتھ تکمیل کی وعدہ بند ہے۔ادھر 55.52کلومیٹر راجوری۔ تھنہ منڈی۔ سرنکوٹ سڑک کے تعمیری کام کی معیاد بڑھا کر 8جون2024مقرر کی گئی ہے۔ حق اطلاعات قانون کے تحت حاصل کی جانکاری میں بتایاگیا ہے کہ 22اکتوبر2020کو مذکورہ سڑک کا تعمیری کام دھرم راج کنٹریکٹس انڈیا پرائیویٹ لمیٹیڈ کو دیاگیا اور آٹھ مارچ 2021سے سڑک کا تعمیری کام شروع ہوا جس کے لئے 284.216کروڑ روپے منظور کئے گئے۔ سڑک کے تعمیری کام کا ہدف730یعنی17مارچ2023کو مکمل کیاجانا تھا لیکن مختلف وجوہات کی بنا پر اس پروجیکٹ کی تکمیل میں اب 8جون2024تک توسیع کر دی گئی ہے۔ قابل ِ ذکر ہے کہ مرکزی وزارت ِ دفاع حکومت ِ ہند نے مورخہ7فروری2020کو لیٹر نمبرMoD/04/972/2019/D(BR-I)کے تحت راجوری۔ تھنہ منڈی سڑک پروجیکٹ کی منظوری دی گئی جس کے لئے 477.75کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں۔2ICآفیسر کمانڈنگ کے اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر جے کے مینہ نے بتایاکہ مقررہ مدت کے اندر پروجیکٹ کو مکمل کرنے کے لئے ہرممکن کوششیں کی جارہی ہیں ۔ سڑک کی تعمیر میں آرہے ڈھانچہ اور دکانوں کا معاوضہ اور اراضی کی حصولی کا عمل انتظامیہ کے تعاون سے مکمل کیاجارہا ہے۔ سرنکوٹ کے درابہ گاو¿ں کے چند اراضی مالکان نے ہائی کورٹ سے حکم امتناعی حاصل کیا ہے جس وجہ سے وہاں پر معاوضہ نہیں دیاگیا۔جولائی2023تک مذکورہ پروجیکٹ پر45.68فیصد زمینی کام ہوا ہے۔