جموں و کشمیر میں 2 نومبر تک وسیع پیمانے پر برف و باراں کا کوئی امکان نہیں:محکمہ موسمیات

سری نگر// محکمہ موسمیات نے جموں وکشمیر میں 2 نومبر تک وسیع پیمانے پر برف و باراں کو خارج از امکان قرار دیا ہے۔متعلقہ محکمہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ جموں وکشمیر اور لداخ میں 28 اکتوبر تک موسم جزوی ابر آلود مگر خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ 29 اکتوبر کو پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بارشیں متوقع ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں 30 اور 31 اکتوبر کو موسم جزوی ابر آلود مگر خشک رہ سکتا ہے۔موصوف ترجمان نے کہا کہ جموں وکشمیر میں ماہ نومبر کا آغاز بھی خشک موسم سے ہی ہوسکتا ہے اور یکم اور 2 نومبر کو موسم ابر آلود مگر خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر اور لداخ میں 2 نومبر تک وسیع پیمانے پر برف و باراں کا کوئی امکان نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ موسم فصل کٹائی اور دوسری آئوٹ ڈور سرگرمیوں کے لئے مناسب ہے۔ترجمان کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 3.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ وادی کے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور دورسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں بھی کم سے کم درجہ حرارت0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ہی ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت2.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔دریں اثنا ماہر موسمیات فیضان عارف کے مطابق ایک کمزور مغربی ہوا کے وارد ہونے کے پیش نظر وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں 27 اور 28 اکتوبر کو ہلکی بارشوں یا برف باری کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران کشمیر میں درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ سے 21 ڈگری سینٹی گریڈ درمیان رہ سکتا ہے جبکہ شبانہ درجہ حرارت 3 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ کے بیچ ریکارڈ ہوسکتا ہے۔